جدہ شہر اور نواح آج ہفتے کو کالی آندھی کی زد میں ہے جہاں دوپہر کے وقت اچانک گرد وغبار کا طوفان چھا گیا اور دن میں رات کا سماں ہوگیا۔
جدہ میں گرد و غبار کی کیفیت گزشتہ دو دن سے جاری ہے جبکہ کل جمعہ کو اس میں مزید شدت دیکھی گئی۔
ادھر محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج ہفتے کو مکہ مکرمہ گرج چمک والے بادل بنیں گے، جن کے ساتھ تیز ہوائیں اور گرد و غبار کے علاوہ بارش کا بھی امکان ہے۔
موجة غبارية قوية على جدة الان .. قلبت الجو 😷😷 pic.twitter.com/KXAgkFWDU8
— عبدالعزيز الثبيتي (@1984_asd) April 18, 2026
مکہ مکرمہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، اور نمی کا تناسب تقریباً 40 فیصد ہوگا۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے اپنی رپورٹ میں پیشگوئی کی ہے کہ ملک کے بعض شہروں میں درمیانی سے شدید نوعیت کی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی، جس کے نتیجے میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
اس دوران ژالہ باری اور انتہائی تیز ہوائیں بھی چلنے کا امکان ہے، جو گرد و غبار اٹھائیں گی اور حدِ نگاہ تقریباً ختم یا بہت کم کر دیں گی۔
یہ صورتحال حدودِ شمالیہ، الجوف، تبوک، مدینہ منورہ، حائل اور القصیم کے مختلف حصوں میں متوقع ہے جبکہ اس کے اثرات مشرقی ریجن کے شمالی علاقوں تک بھی پھیل سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ الباحہ، عسیر اور جازان کے بعض علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے جبکہ ریاض کے کچھ حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔
بحیرہ احمر میں ہوائیں شمالی حصے میں جنوب مغرب سے شمال مغرب کی جانب 17 سے 32 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، جبکہ وسطی اور جنوبی حصوں میں جنوب مشرق سے جنوب کی جانب 22 سے 43 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار متوقع ہے۔
لہروں کی بلندی شمالی حصے میں آدھے میٹر سے ڈیڑھ میٹر جبکہ وسطی اور جنوبی حصوں میں ایک سے دو میٹر تک ہوگی، اور سمندر کی حالت ہلکی سے درمیانی رہے گی۔
خلیجِ عرب میں ہوائیں شمالی اور وسطی حصوں میں مشرقی سے جنوب مشرقی جبکہ جنوبی حصے میں مغربی سے شمال مغربی سمت میں 15 سے 30 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔
لہروں کی بلندی آدھے میٹر سے ڈیڑھ میٹر تک ہوگی اور سمندر کی حالت ہلکی سے درمیانی رہے گی۔