جدید ٹیکنالوجی کے دور میں چینی آٹوموبائل کمپنیوں نے گاڑیوں میں غیر معمولی سہولیات متعارف کرانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔
مزید پڑھیں
حال ہی میں الیکٹرک گاڑی بنانے والی معروف کمپنی ’سیرس‘ (Seres) نے ایک ایسی ٹیکنالوجی کا پیٹنٹ حاصل کیا ہے جو کار کی سیٹ کے نیچے ایک خفیہ ٹوائلٹ کو چھپائے رکھتی ہے۔
جدید ٹوائلٹ کیسے کام کرتا ہے؟
یہ سسٹم خاص طور پر طویل مسافتوں اور کیمپنگ کے شوقین افراد کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اسے سیٹ کو پیچھے ہٹا کر دستی طور پر یا صرف ’ ٹوائلٹ آن کریں‘ کی آواز لگا کر استعمال کیا جا سکتا ہے، جس سے مسافروں کی سہولت میں اضافہ ہوگا۔
صفائی اور حفظانِ صحت
کمپنی انجینئرز کے مطابق اس سسٹم میں ایک ایگزاسٹ پائپ اور فین نصب ہے جو گاڑی سے بدبو باہر نکالتا ہے۔
اس کے علاوہ ایک ہیٹنگ عنصر پیشاب کو بھاپ میں تبدیل کر کے خشک کر دیتا ہے، جبکہ باقی ماندہ فضلہ ایک الگ ٹینک میں جمع ہوتا رہتا ہے جسے صاف کرنا ضروری ہے۔
گاڑیوں میں سہولیات کا مقابلہ
سیرس کا یہ اقدام چینی مارکیٹ میں بڑھتے ہوئے مقابلے کی عکاسی کرتا ہے۔ اس سے قبل ’نیو‘ (Nio) جیسی کمپنیاں گاڑیوں میں مساج سیٹیں اور فریج جیسی سہولیات دے چکی ہیں۔
اسی طرح ’بی وائی ڈی‘ (BYD) نے اپنی گاڑیوں میں ڈرون سسٹم جبکہ ’ایکس پینگ‘ (XPeng) نے فلائنگ کار جیسے منصوبے متعارف کرائے ہیں۔
حقیقت یا صرف آئیڈیا؟
اگرچہ سیرس نے اس جدید ٹوائلٹ سسٹم کا سرکاری پیٹنٹ حاصل کر لیا ہے، تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ ٹیکنالوجی عام صارفین کے لیے کب اور کیسے پروڈکشن لائن تک پہنچے گی۔
ماہرین کا خیال ہے کہ مارکیٹ میں برتری حاصل کرنے کے لیے ایسی ایجادات مستقبل کا اہم حصہ بن سکتی ہیں۔
گاڑیوں میں اس طرح کے جدید سہولیات کی شمولیت ظاہر کرتی ہے کہ آٹوموبائل انڈسٹری اب صرف ٹرانسپورٹ تک محدود نہیں رہی بلکہ وہ ایک ’موبائل لونگ روم‘بن رہی ہے۔
تاہم اس طرح کے پیچیدہ سسٹمز کا عملی اطلاق اور صفائی کا معیار صارفین کی جانب سے اس کی قبولیت کا حتمی فیصلہ کرے گا۔