مکہ مکرمہ کے حراء ثقافتی مرکز میں واقع قرآن کریم میوزیم میں خانہ کعبہ کے دروازے کا ایک عین مطابق نمونہ نمائش کے لیے پیش کیا گیا ہے، جو اسلامی تہذیب میں فنونِ لطیفہ اور روحانی اقدار کے امتزاج کی بہترین مثال پیش کرتا ہے۔
اس نمونے میں قرآنی آیات کو خطِ عربی اور اسلامی تزئین و آرائش کے فن کے ذریعے انتہائی نفاست اور مہارت کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ اصل دروازہ خادمِ حرمین شریفین شاہ خالد بن عبدالعزیز کے دور میں 1979 میں خالص سونے سے تیار کیا گیا تھا۔
اس کی نمایاں خصوصیات میں باریک نقش و نگار اور قرآنی آیات پر مشتمل خوبصورت اسلامی ڈیزائن شامل ہیں، جو کعبہ مشرفہ کی عظمت اور اس کی روحانی حیثیت کی عکاسی کرتے ہیں۔
میوزیم میں موجود یہ ماڈل خطِ عربی کے جمالیاتی پہلو کو اجاگر کرتا ہے، جو قرآنِ کریم کی کتابت سے جڑا ہوا ایک اہم اسلامی فن ہے۔
اس میں کندہ آیات ہم آہنگ بصری انداز میں نمایاں ہیں، جبکہ اردگرد موجود نباتاتی اور ہندسی نقش و نگار اس فن پارے کو مزید گہرائی اور حسن عطا کرتے ہیں۔
یہ نمائش قرآن کریم میوزیم کے اس مشن کا حصہ ہے جس کا مقصد مختلف ادوار میں مسلمانوں کی قرآنِ مجید کے ساتھ وابستگی، اس کی کتابت و طباعت کی تاریخ، اور اس سے وابستہ فنون کو اجاگر کرنا ہے، تاکہ زائرین کے علمی و دینی شعور میں اضافہ ہو سکے۔
یہ میوزیم حراء ثقافتی مرکز کا ایک اہم حصہ ہے اور مکہ مکرمہ میں ایک جامع علمی و سیاحتی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں نزولِ وحی کی تاریخ اور قرآنِ مجید کی تدوین کے ارتقا کو جدید اور انٹرایکٹو انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔
یہاں نایاب نوادرات اور جدید ٹیکنالوجی کے امتزاج سے زائرین کے تجربے کو مزید بامعنی بنایا جاتا ہے۔
یہ میوزیم بڑھتی ہوئی تعداد میں زائرین اور محققین کی توجہ کا مرکز بن رہا ہے، اور اسے مکہ مکرمہ کی علمی و ثقافتی شناخت کو مضبوط بنانے والے اہم اداروں میں شمار کیا جاتا ہے۔