پاکستانی آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ تہران پہنچ گئے۔
مزید پڑھیں
مبصرین نے عاصم منیر کے اس دورے کو پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی سرگرمیوں اور ثالثی کوششوں کا تسلسل قرار دیا ہے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق اس دورے کا مقصد ایرانی قیادت تک امریکا کا پیغام پہنچانا اور مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے لیے حکمت عملی تیار کرنا ہے۔
پاکستانی وفد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شامل ہیں۔
پاکستانی وفد کی ملاقات ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے متوقع ہے، جس میں خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال، ممکنہ جنگ بندی اور آئندہ مذاکرات کے لائحہ عمل پر تفصیلی بات چیت کی جائے گی۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ ایران امریکہ مذاکرات کا ممکنہ اگلا دور اسلام آباد میں ہونے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے باضابطہ اعلان تاحال سامنے نہیں آیا۔
آرمی چیف کا یہ دورہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان سرگرم سفارتی کردار ادا کر رہا ہے اور فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کی کوششیں جاری ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف بھی آج ہی اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچے ہیں، جہاں وہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سےاہم ملاقات کریں گے۔