مکہ مکرمہ ریجن پولیس نے مصری تارک کو گرفتار کیا ہے، جس پر الزام ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر مشاعر مقدسہ میں داخلے کے اجازت ناموں اور فرضی حج خدمات کے جعلی اشتہارات کے ذریعے فراڈ اور دھوکہ دہی میں ملوث تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم کو حراست میں لے کر ابتدائی قانونی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے اور اسے مزید تفتیش کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
مذکورہ شخص سوشل میڈیا پر اشتہارات چلا کر یہ دعوی کر رہا تھا کہ وہ لوگوں کو مکہ مکرمہ میں داخلے کے اجازت نامے، حج پرمٹ اور دیگر خدمات فراہم کرسکتا ہے۔
اس کا مقصد اس کے سوا کچھ نہیں کہ وہ دھوکہ دہی کے ذریعہ لوگوں سے رقوم جمع کرے۔
عوامی سلامتی حکام نے شہریوں اور مقیم افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ حج سے متعلق تمام قوانین اور ہدایات کی پابندی کریں، غیر مصدقہ اور مشکوک اشتہارات یا غیر قانونی خدمات سے دور رہیں، اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں فوری طور پر رپورٹ کریں۔
مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی ریجن میں 911 جبکہ دیگر علاقوں میں 999 پر اطلاع دی جا سکتی ہے۔