سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے سامان کی پریشانی سے آزاد حج سفر کے لیے نئی سروس متعارف کرا دی ہے جس کا مقصد عازمین حج کے سفر کو آسان بنانا اور سامان اٹھانے کی مشقت ختم کرنا ہے۔
مزید پڑھیں
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ سروس عازمین حج کو یہ سہولت فراہم کرتی ہے کہ وہ اپنا سامان اپنے ملک سے براہِ راست مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں اپنی رہائش تک بھجوا سکیں اور پھر مناسکِ حج کی ادائیگی کے بعد وہی سامان دوبارہ ان کے ملک واپس بھیج دیا جائے۔
اس سے حج کا تجربہ زیادہ سہل اور منظم بن جاتا ہے اور سفر زیادہ آسان اور سامان کے جھنجٹ سے آزاد ہوجاتا ہے۔
وزارت نے اس سروس کے اہم فوائد میں یہ بھی بتایا ہے کہ اس سے نقل و حرکت میں آسانی پیدا ہوتی ہے، سامان کی ٹریکنگ ممکن ہوتی ہے، اور ذاتی اشیاء کے تحفظ و سلامتی کے اعلیٰ معیار فراہم کیے جاتے ہیں۔
وزارت نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ وزن کی حد کا خیال رکھیں، سامان کی تفصیلات محفوظ رکھیں اور ضروری اشیاء کے لیے ایک ہینڈ بیگ ساتھ رکھیں تاکہ سفر اور مناسک کے دوران آسانی رہے۔
وزارت نے کہا ہے کہ مزید معلومات متعلقہ سروس فراہم کرنے والی کمپنی اور اس کے منظور شدہ رابطہ ذرائع سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔