سعودی سینٹرل بینک ’ساما‘ نے کہا ہے کہ 2025 کے اختتام تک ریٹیل سیکٹر میں الیکٹرانک ادائیگیوں کا حصہ بڑھ کر 85 فیصد تک پہنچ گیا ہے جبکہ 2024 میں یہ شرح 79 فیصد تھی۔
بینک کے مطابق اس نمایاں اضافے کے ساتھ قومی ادائیگی نظام کے ذریعے ہونے والی مجموعی ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کی تعداد 2025 میں بڑھ کر 14.6 ارب تک پہنچ گئی، جو 2024 میں 12.6 ارب تھی۔
مزید پڑھیں
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ساما نے کہا ہے کہ یہ اضافہ سعودی عرب میں مالیاتی نظام کی تیز رفتار ڈیجیٹل ترقی اور جدید ادائیگی نظاموں کے بڑھتے ہوئے استعمال کی عکاسی کرتا ہے، خصوصاً ’مدى‘ سسٹم کے ذریعے کارڈ ادائیگیوں اور ای، کامرس لین دین میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
بینک کے مطابق اس پیش رفت میں وژن 2030 کے اہداف کا اہم کردار
ہے، جس کا مقصد نقد رقم پر انحصار کم کرنا اور ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینا ہے۔
سعودی مرکزی بینک نے مزید کہا ہے کہ وہ ادائیگی کے نظام کو مزید جدید بنانے، ڈیجیٹل حل کو وسعت دینے اور مالیاتی لین دین کو زیادہ آسان، تیز اور کم لاگت بنانے کے لیے مسلسل کام جاری رکھے ہوئے ہے۔