وزارت سیاحت نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حج سیزن کے دوران رہائشی سہولیات کے لیے نئے ضوابط اور جرمانوں کا اعلان کیا ہے۔
مزید پڑھیں
اس اقدام کا مقصد اللہ کے مہمانوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو عالمی معیار کے مطابق اور سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔
واضح رہے کہ حج سیزن ہر سال یکم ذی القعدہ سے شروع ہو کر وسط محرم تک جاری رہتا ہے۔
حکام کے مطابق ان ضوابط کا اطلاق اسی مدت کے دوران ہوگا تاکہ زائرین کو کسی دشواری کا سامنا نہ ہو اور رہائش کا معیار برقرار رہے۔
ضوابط کی خلاف ورزیوں پر جرمانوں کی حد ایک ہزار ریال سے شروع ہو کر 50 ہزار ریال تک مقرر کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق خلاف ورزی پر جرمانے کے علاوہ سہولت کو عارضی طور پر بند بھی کیا جا سکتا ہے ۔
اسی طرح اگر کوئی خلاف ورزی حج سیزن کے دوران دہرائی جاتی ہے تو جرمانے کی رقم کو دوگنا کر دیا جائے گا۔
علاوہ ازیں سیزن کے بعد کی جانے والی خلاف ورزیوں پر بھی سخت مالی اور انتظامی سزائیں لاگو ہوں گی تاکہ ضوابط کی مکمل پاسداری کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزارت نے رہائشی سہولیات کو 5 مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا ہے، جن میں فائیو اسٹار سے لے کر غیر درجہ بند سہولیات تک شامل ہیں۔
جرمانوں کا تعین ادارے یا کمپنی کے حجم کے مطابق کیا جائے گا، جس میں چھوٹے اور بڑے درجات کے لیے تناسب مختلف رکھا گیا ہے، جس میں 25، 50، 75 اور 100 فیصد شامل ہیں۔
اس درجہ بندی کا مقصد انصاف اور شفافیت کے ساتھ ساتھ تمام کاروباری اداروں کو ضوابط کا پابند بنانا ہے۔
اسی طرح بار بار خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جس میں لائسنس کی معطلی یا منسوخی بھی شامل ہے۔
3 بار خلاف ورزی ثابت ہونے پر کمیٹی کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ متعلقہ ادارے کا لائسنس مستقل طور پر منسوخ کر دے۔
واضح رہے کہ مکہ اور مدینہ میں حج سیزن کے دوران سیاحتی سہولیات کے لیے جرمانوں کی شرح 2 سے 14 ہزار ریال تک ہے، جبکہ ہاسٹل کی قسم کی رہائش گاہوں کے لیے یہ جرمانے ایک ہزار سے 50 ہزار ریال تک کی حد میں رکھے گئے ہیں۔