العلا نے آئی ایم ڈی اسمارٹ سٹی انڈیکس 2026 میں غیر معمولی طور پر نمایاں مقام پوزیشن حاصل کی ہے۔
مزید پڑھیں
مملکت کا یہ گورنریٹ 2025 میں 112 ویں نمبر پر تھا، جس نے اب 85 ویں عالمی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ یہ پیش رفت وژن 2030 کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا نتیجہ ہے۔
عالمی درجہ بندی میں بڑی چھلانگ
رائل کمیشن فار العلا (RCU) کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کے باعث العلا گورنریٹ اسمارٹ سٹی انڈیکس میں تیزی سے اوپر آیا ہے۔
یہ بہتری اس بات کی عکاس ہے کہ العلا کو رہائش، روزگار اور سیاحت کے لیے ایک مثالی اور جدید عالمی مرکز بنانے کا وژن کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔
ترقی کے بنیادی ستون
آئی ایم ڈی انڈیکس کا معیار زندگی، خدمات کی کارکردگی، ٹیکنالوجی، ماحولیاتی پائیداری اور اسمارٹ گورننس پر مبنی ہے۔
رائل کمیشن ان تمام شعبوں میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے اشتراک سے مسلسل کام کر رہا ہے، جس سے مقامی رہائشیوں کے معیار زندگی میں نمایاں اور مثبت تبدیلیاں دیکھی جا رہی ہیں۔
معیار زندگی اور شہری ترقی
رائل کمیشن نے تعلیم، صحت اور عوامی سہولیات کی فراہمی کو اولیت دی ہے۔
ترقی کے ان کاموں میں اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ جدید شہری ضروریات پوری ہوں اور ساتھ ہی العلا کی منفرد تاریخی و ثقافتی شناخت اور قدرتی ماحول کو بھی مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
جائیداد اور سرمایہ کاری
حالیہ حکمت عملی کے تحت رائل کمیشن نے العلا گورنریٹ کے وسطی اور جنوبی حصوں میں زمینوں کی خرید و فروخت پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔
یہ قدم شہریوں اور سرمایہ کاروں کو ایک منظم ماحول میں رئیل اسٹیٹ سرگرمیوں کا حصہ بننے اور پائیدار ترقی میں تعاون کا موقع فراہم کرتا ہے۔
تعلیمی اور فنی ترقی
العلا میں تعلیمی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔ یہاں ایک لینگویج انسٹی ٹیوٹ 5 زبانیں سکھا رہا ہے، جبکہ اسکالرشپ پروگرام سے 690 سے زائد طلبہ مستفید ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ800 اساتذہ کی تربیت اور 7,400 طلبہ کے لیے مختلف سماجی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
نقل و حمل اور انفرااسٹرکچر
العلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی صلاحیت 4 لاکھ سے بڑھا کر 7 لاکھ مسافر سالانہ کر دی گئی ہے، جہاں پاسپورٹ کاؤنٹرز کی تعداد دگنی کرنے کے ساتھ ساتھ اسمارٹ ٹیکنالوجیز متعارف کرائی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ توانائی پلانٹس، واٹر اسٹوریج مراکز اور جدید صحت سہولیات کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔
العلا کی یہ کامیابی وژن 2030 کے اہداف کے عین مطابق ہے، جو خطے میں تیز رفتار ترقی اور پائیدار ماحولیات کو یقینی بناتی ہے۔
یہ پیش رفت نہ صرف العلا کو عالمی سطح پر ایک اہم ثقافتی و سیاحتی مرکز بناتی ہے بلکہ اسمارٹ سٹی کی دوڑ میں اس کے مستقبل کو بھی تابناک ثابت کرتی ہے۔