پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے آج بدھ کے روز کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
انہوں نے تمام فریقوں سے اپیل کی کہ وہ جنگ بندی کا احترام کریں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایکس پر کہا ہے کہ تنازع کے مختلف علاقوں میں جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جو امن عمل کی روح کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔
مزید پڑھیں
العربیہ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ میں خلوص کے ساتھ تمام فریقوں پر زور دیتا ہوں کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور طے شدہ دو ہفتوں کی جنگ بندی کا احترام کریں تاکہ سفارت کاری کو تنازع کے پرامن حل کی جانب قائدانہ کردار ادا کرنے کا موقع مل سکے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان جنگ بندی کرانے میں اہم ثالثی کردار ادا کیا ہے۔
دریں اثنا ایرانی سرکاری ٹی وی نے پاسدارانِ انقلاب کے بیان کے حوالے سے اطلاع دی کہ اسرائیلی ساختہ ڈرون کو، جو ملک کے جنوب میں واقع شہر لار کے اوپر پرواز کر رہا تھا، مار گرایا گیا اور اسے جنگ بندی کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ چند منٹ قبل فارس صوبے کے شہر لار کی فضاؤں میں جدید ہرمیس 900 ڈرون کو پاسدارانِ انقلاب کے جدید فضائی دفاعی نظام نے تباہ کر دیا۔
مزید کہا گیا کہ امریکی یا اسرائیلی طیاروں کا ایرانی فضائی حدود میں داخل ہونا، اگرچہ وہ کوئی فوجی کارروائی نہ کریں، جنگ بندی کی خلاف ورزی سمجھا جائے گا اور اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب ایران نے خطے کے متعدد ممالک، جن میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت اور بحرین شامل ہیں، پر مختلف نوعیت کے حملے جاری رکھے ہیں۔
ادھر لبنانی دار الحکومت بیروت میں اسرائیل کی طرف سے سلسلہ وار فضائی حملے کئے گئے جن کے نتیجے میں کم از کم 89 افراد ہلاک اور 722 زخمی ہو گئے۔
بیروت اور اس کے جنوبی مضافات میں نشانہ بنائے گئے علاقوں سے دھوئیں کے بادل بلند ہو گئے اور دار الحکومت کی گلیوں میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہو گیا۔
اسرائیلی فوج نے آج اعلان کیا کہ یہ لبنان پر سب سے بڑی بمباری مہم ہے، جو حزب اللہ کے ایران نواز جنگ میں شامل ہونے کے بعد 2 مارچ سے جاری ہے اور بتایا کہ اس نے حزب اللہ کے تقریباً ایک سو دفاتر اور عسکری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا ہے۔