پالتو جانوروں کی روایتی دکانوں کے برعکس ایک اسٹور نے نیا تصور پیش کرتے ہوئے جانوروں کی فروخت بند کر دی ہے۔
مزید پڑھیں
اخبار 24 کے مطابق اب اس اسٹور پر بے گھر جانوروں کو گود لینے کے لیے خصوصی جگہ مختص کردی گئی ہے۔ اس مہم کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ جاندار کوئی تجارتی سامان نہیں بلکہ وہ توجہ کے مستحق ہیں۔
اس مہم کا آغاز گاہکوں کی جانب سے جانور گود لینے کی بڑھتی طلب پر کیا گیا ہے۔
اسٹور انتظامیہ نے بتایا کہ ان کا مقصد جانوروں کو سڑکوں پر لاوارث
چھوڑنے کے رجحان کو ختم کرنا ہے۔ یہ جانوروں کے تحفظ کی ایک کوشش ہے۔
اکثر لوگ پالتو جانوروں کی تعداد بڑھنے یا ان کی دیکھ بھال سے عاجز آکر انہیں نکال دیتے ہیں۔ ایسے جانوروں کو سڑکوں پر حادثات اور بھوک پیاس جیسے بڑے خطرات کا سامنا رہتا ہے۔
ٹیم کو ایسے افسوسناک واقعات بھی دیکھنے کو ملے جہاں لوگوں نے برسوں ساتھ رہنے والے بیمار جانور کو نکال دیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ معمولی بیماری کے باعث پالتو جانور کو چھوڑ دینا ذمہ داری سے فرار کو ظاہر کرتا ہے۔
اسٹور مینیجر عبادہ اسامہ کا کہنا ہے کہ جانور گود لینا ایک زندگی بچانے کے مترادف ہے، جبکہ خریدنا جانوروں کی تجارت کو فروغ دیتا ہے، جو کہ ایک غیر انسانی عمل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انسان اور جانور کا رشتہ وقت کے ساتھ گہرا جذباتی تعلق بن جاتا ہے۔ کسی پالتو جانور کو کھونا کسی قریبی دوست کو کھونے جتنا ہی تکلیف دہ ہوتا ہے۔
اس مہم کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ ہر جاندار کی اپنی ایک کہانی اور اہمیت ہوتی ہے۔ جانور گود لینا محض انتخاب نہیں بلکہ ہمدردی اور ذمہ داری کا ایک بڑا ثبوت ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام معاشرے میں پالتو جانوروں کے حقوق اور ان کی بہتر پرورش کے حوالے سے شعور بیدار کر رہا ہے۔ اس سے بے سہارا جانوروں کو ایک نیا گھر مل رہا ہے۔