بحرین کی پبلک پراسیکیوشن نے ایرانی انٹیلی جنس اور پاسداران انقلاب کے ساتھ رابطے اور جاسوسی کے الزام میں متعدد ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ گروہ مملکت کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنانے کی غرض سے معلومات اکٹھی کرنے میں مصروف تھا۔
تفتیشی حکام کے مطابق ملزمان کو ایران میں موجود ان کے ہینڈلرز کی جانب سے مخصوص ہدایات دی گئی تھیں۔
ملزمان کو بحرین میں اہم مقامات کی نشاندہی، ڈیٹا جمع اور حساس معلومات ایران منتقل کرنا تھا تاکہ حملوں کا پلان بنایا جا سکے۔
پراسیکیوشن نے مزید انکشاف کیا کہ ملزمان کو نہ صرف تنصیبات کی نگرانی کا ٹاسک دیا گیا تھا بلکہ انہیں کسی بھی ممکنہ حملے کے بعد ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق انہیں تباہ شدہ مقامات کی تصاویر اور ویڈیوز بنا کر ایران بھیجنا لازمی قرار دیا گیا تھا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ملزمان نے اپنے ہینڈلرز کے کہنے پر ان تخریبی سرگرمیوں کا ایک حصہ عملی طور پر مکمل بھی کر لیا تھا۔
واضح رہے کہ بحرین کی جانب سے پاسداران انقلاب کو ایک دہشت گرد تنظیم قرار دیا گیا ہے، جس کے تحت اس کیس کو قومی سلامتی کے لیے انتہائی حساس سمجھا جا رہا ہے۔