امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران میں گرنے والے F-15 طیارے کے پائلٹ کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
یہ پائلٹ F-15 کے عملے کا دوسرا رکن تھا، جس طیارے کو ایران نے جمعہ کے روز اپنی فضائی دفاعی کارروائی میں مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا جبکہ پہلا پائلٹ گزشتہ جمعہ کو ہی بچا لیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں
الجزیرہ کے مطابق اپنے بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ امریکی فوج نے تاریخ کے سب سے جرات مندانہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز میں سے ایک انجام دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں آپ کو بتاؤں کہ بچایا گیا افسر اب محفوظ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ امریکی فوج نے اسے نکالنے کے لیے دنیا کے مہلک
ترین ہتھیاروں سے لیس درجنوں طیارے روانہ کئے۔
انہوں نے کہا کہ عملے کا ایک رکن زخمی ہوا ہے مگر وہ ٹھیک ہو جائے گا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ بچایا گیا افسر کرنل کے عہدے پر فائز ہے اور ایران کے پہاڑی علاقوں میں دشمن کے تعاقب کے باوجود محفوظ رہا۔
ان کے بقول، “یہ بہادر جنگجو دشمن کی حدود کے پیچھے ایران کے دشوار گزار پہاڑوں میں موجود تھا اور ہمارے دشمن اس کا پیچھا کر رہے تھے۔
صدر ٹرمپ نے وضاحت کی کہ پہلے پائلٹ کی بازیابی کی تصدیق جان بوجھ کر تاخیر سے کی گئی تاکہ دوسرے آپریشن کو محفوظ رکھا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی فوجی کو پیچھے نہیں چھوڑتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان دونوں آپریشنز نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ امریکہ نے ایرانی فضائی حدود میں مکمل فضائی برتری حاصل کر لی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اعلیٰ فوجی قیادت، بشمول وزیر جنگ، جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے سربراہ اور افسر کے ساتھی اس کی لوکیشن کی نگرانی اور ریسکیو منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔