اہم خبریں
17 April, 2026
--:--:--

ماریطانیہ؛ ایندھن بچت کے لیے رات میں گاڑیاں چلانے پر پابندی

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
رات کا کرفیو (فوٹو: انٹرنیٹ)

عالمی سطح پر توانائی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے ماریطانیہ میں رات کے اوقات میں گاڑیاں چلانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں

کابینہ کی جانب سے منظور کردہ اس فیصلے کے تحت رات 12 بجے سے صبح 5 بجے تک گاڑیوں کے چلنے پر پابندی ہوگی۔

تاہم ایمرجنسی سروسز اور ترسیلی گاڑیوں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا تاکہ ضروری خدمات کا تسلسل برقرار رہ سکے۔

اس فیصلے کے بعد ماریطانیہ میں عوامی اور سوشل میڈیا حلقوں میں بحث چھڑ گئی ہے۔ 

شہریوں، خصوصاً رات میں کام کرنے والے ٹیکسی ڈرائیوروں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس پابندی سے ان کی روزانہ کی آمدنی پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ رات کے وقت نقل و حرکت پر پابندی سے شہروں میں معاشی سرگرمیاں متاثر ہوں گی اور نائٹ شفٹ پر منحصر شعبے مشکلات کا شکار ہوں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے فوائد کے مقابلے میں نقصانات زیادہ ہونے کا امکان ہے۔

سماجی کارکن حسین عثمان نے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کا توانائی کی بچت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے دلیل دی کہ اس پابندی کو نافذ کرنے والی سیکیورٹی فورسز کی گاڑیاں خود بہت زیادہ ایندھن خرچ کرتی ہیں جو کہ کھلا تضاد ہے۔

بلاگر احمد عبداوہ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنگ زدہ ممالک میں بھی اس طرح کے کرفیو کی ضرورت نہیں پڑی۔ 

انہوں نے کہا کہ ماریطانیہ جیسے پرامن ملک میں ایسے سخت اقدامات کرنا سمجھ سے بالاتر ہے، جیسے کہ ملک کسی بڑی جنگ کا شکار ہو۔

دوسری جانب قانونی ماہرین نے بھی اس اقدام پر سوالات اٹھائے ہیں۔ 

وکیل محمد المامی مولائی کا کہنا ہے کہ آئین کی دفعہ 10 نقل و حرکت کی آزادی کی ضمانت دیتی ہے اور اسے صرف ہنگامی حالات یا واضح قانونی اختیار کے بغیر محدود نہیں کیا جا سکتا۔

دوسری جانب حکومتی فیصلے کے حامیوں کا موقف ہے کہ یہ معاشی مجبوری ہے اور عالمی بحران کے پیش نظر ایندھن کا غیر ضروری استعمال روکنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام قومی مفاد میں ایک حقیقت پسندانہ اور ناگزیر فیصلہ ہے۔

یاد رہے کہ ماریطانیہ نے عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے نمٹنے کے لیے پہلے ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ 

اس سے قبل نواکشوط میں ایندھن کی قلت اور ذخیرہ اندوزی کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے تھے جن پر حکومت قابو پانے کی کوشش کر رہی ہے۔