متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ آج جمعہ کو فضائی دفاعی نظام نے ایران سے آنے والے 18 بیلسٹک میزائل، 4 کروز میزائل اور 47 ڈرونز کو تباہ کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت دفاع نے بتایا کہ ایرانی حملوں کے آغاز سے اب تک متحدہ عرب امارات کے دفاعی نظام نے 475 بیلسٹک میزائل، 23 کروز میزائل اور 2,085 ڈرونز کو ناکارہ بنایا ہے۔
مزید پڑھیں
ان حملوں کے نتیجے میں مسلح افواج کے دو اہلکار شہید ہوئے جبکہ ایک مراکشی شہری جو افواج کے ساتھ معاہدے پر تھا بھی شہید ہوا۔
وزارت نے کہا ہے کہ حملوں میں 9 عام شہری مارے گئے جن کی شہریت پاکستانی، نیپالی، بنگلہ دیشی، فلسطینی اور بھارتی تھی، جبکہ 203 افراد زخمی ہوئے جن میں اماراتی، مصری، سودانی، ایتھوپیائی، فلپائنی، پاکستانی، ایرانی، بھارتی، بنگلہ دیشی، سری لنکن، آذربائیجانی
، یمنی، یوگنڈائی، ایریٹریائی، لبنانی، افغان، بحرینی، کوموری، ترک، عراقی، نیپالی، نائجیریائی، عمانی، اردنی، فلسطینی، گھانی، انڈونیشی، سویڈش اور تیونس شہری شامل ہیں۔
وزارت دفاع نے واضح کیا کہ وہ ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار اور چوکس ہے اور کسی بھی حملے یا دہشت گردانہ کارروائی کا مؤثر جواب دینے کے لیے پرعزم ہے تاکہ ملک کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کو یقینی بنایا جا سکے اور قومی مفادات اور وسائل کی حفاظت کی جا سکے۔