محکمہ موسمیات نے آج جمعہ کے موسم سے متعلق اپنی رپورٹ میں پیشگوئی کی ہے کہ جازان، عسیر، الباحہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، تبوک، الجوف، شمالی حدود، حائل، القصیم، ریاض اور مشرقی علاقے کے شمالی حصوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں گی جو گرد و غبار اٹھائیں گی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ بحیرۂ احمر پر سطحی ہوائیں شمالی سے شمال مغربی سمت میں 15 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمالی اور وسطی حصوں میں چلیں گی جبکہ جنوبی حصے میں ہوائیں جنوبی سے جنوب مشرقی سمت میں 15 سے 35 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی۔
باب المندب کی سمت ان کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد ہو سکتی ہے، جبکہ شمالی حصے میں گرج چمک والے بارشی بادل بننے کا امکان ہے۔
بحیرۂ احمر میں لہروں کی اونچائی نصف میٹر سے ڈیڑھ میٹر تک رہنے کا امکان ہے جبکہ باب المندب کی سمت یہ دو میٹر سے زائد ہو سکتی ہے۔
شمالی حصے میں گرج چمک والے بارشی بادل متوقع ہیں، جبکہ سمندر کی حالت ہلکی سے درمیانی موجوں تک رہے گی اور باب المندب کی جانب قدرے طوفانی ہو سکتی ہے۔