سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے آج اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس میں خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس سے قبل روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے سیاسی اور سفارتی کوششیں تیز کرنے پر زور دیا۔
یہ بات انہوں نے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہی۔
مزید پڑھیں
العربیہ کے مطابق کریملن کے بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ فوری طور پر دشمنی کا خاتمہ کیا جائے اور ایک طویل المدتی حل کے لیے سیاسی و سفارتی کوششیں بڑھائی جائیں۔
ولی عہد اور روسی صدر نے مشرقِ وسطیٰ میں بگڑتی ہوئی عسکری اور سیاسی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا۔
دوسری طرف وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کو آج جاپان کے وزیر خارجہ کی جانب سے بھی ٹیلیفونک کال موصول ہوئی۔
اس گفتگو میں سعودی عرب اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعاون کے تعلقات کا جائزہ لیا گیا، جبکہ خطے کی تازہ صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔