متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ملک میں مقیم ایرانی کمیونٹی کا احترام کیا جاتا ہے اور وہ معاشرتی دھارے کا حصہ ہے، جس سے تنوع اور کشادگی کو فروغ ملتا ہے۔
ملک میں 200 سے زائد قومیتیں مقیم ہیں، جو متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں میں ہم آہنگی، برداشت اور تعلقات کی قدروں کا مظہر ہیں۔
اماراتی نیوز ایجنسی ’وام‘ کے مطابق وزارت خارجہ نے زور دیا کہ حالیہ میڈیا رپورٹس میں ایرانی کمیونٹی کے قیام کے حوالے سے پھیلائی جانے والی غیر درست اطلاعات کے پیش نظر، متحدہ عرب امارات اپنے تمام رہائشیوں کی سلامتی اور فلاح کے لیے مستحکم اور شفاف قوانین اور طریقہ کار پر عمل پیرا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ متحدہ عرب امارات اپنے تمام مقیم افراد کے حقوق کے تحفظ، قانونی حکمرانی اور محفوظ و مستحکم ماحول کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے اور یہ اقدار ملک میں برداشت اور ہم آہنگی کی ثقافت کو ظاہر کرتی ہیں۔
یاد رہے کہ قبل ازیں امارات ایئرلائن اور فلائی دبئی نے اپنے تجارتی شراکت داروں کو نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے جس میں ہدایت کی گئی ہے کہ ایرانی شہریوں کو فوری طور پر متحدہ عرب امارات میں داخل ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں ایرانی شہریوں کو دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ DXB کے ذریعے عبور کرنے سے بھی منع گیا ہے۔
اس فیصلے میں تمام ایرانی پاسپورٹ ہولڈرز، متحدہ عرب امارات میں رہائشی ویزا رکھنے والے افراد، ہر قسم اور پیشے کے اور وزٹ ویزا یا ٹورسٹ ویزا رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔