شاہ سلمان مرکز برائے ریلیف و انسانی امداد کی جانب سے غزہ کے متاثرین کے لیے امدادی سامان کا ایک نیا قافلہ پہنچ گیا ہے۔
مزید پڑھیں
اس قافلے میں بھاری مقدار میں غذائی اجناس اور راشن شامل ہے، جو فلسطینی عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے بھیجا گیا ہے۔
امدادی سامان کی تقسیم کے لیے سعودی مرکز برائے ثقافت و ورثہ کو اپنا شراکت دار مقرر کیا گیا ہے، جہاں مقامی ٹیمیں منظم طریقے سے راشن کو مستحق خاندانوں تک پہنچا رہی ہیں۔
یہ امدادی سرگرمیاں مملکت کے اس دیرینہ مؤقف کا تسلسل ہیں جس
کے تحت سعودی عرب انسانی ہمدردی کے ادارے کے ذریعے ہر مشکل گھڑی میں فلسطینیوں کی مدد کرتا ہے۔
یہ اقدام مملکت کی اعلیٰ اقدار اور ضرورت مندوں کی معاونت پر مبنی انسانی مشن کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
دوسری جانب شاہ سلمان ریلیف سینٹر کا مرکزی کچن غزہ میں روزانہ کی بنیاد پر 24 ہزار پکے ہوئے کھانے تقسیم کر رہا ہے۔
یہ اقدام ہزاروں فلسطینی خاندانوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے کیا گیا ہے، جہاں مسلسل تیاری اور ترسیل کا عمل جاری رہتا ہے۔
اس نظام کو چلانے کے لیے سعودی مرکز برائے ثقافت و ورثہ کی ٹیمیں متحرک ہیں، جو کیمپوں کی انتظامی کمیٹیوں کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے مستحقین کی فہرستوں کو باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کرتی ہیں تاکہ شفافیت برقرار رہے۔
غزہ میں جاری یہ انسانی خدمات سعودی عرب کے اس پختہ عزم کا اظہار ہیں جس کے تحت مملکت ہر قسم کے حالات میں فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
یہ کوششیں متاثرین کی تکالیف کم کرنے اور انہیں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے سعودی انسانی ہمدردی کے مشن کا حصہ ہیں۔