حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ ماہِ رجب کے دوران حرمین شریفین آنے والے زائرین کی تعداد 7 کروڑ 88 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد انتظامی و عملی منصوبوں کی کامیابی کی عکاس ہے۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ یہ اعداد و شمار عبادت اور زیارت کے تمام مقامات پر محیط ہیں جن میں ایک کروڑ 48 لاکھ افراد نے عمرہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں
جبکہ مسجدِ حرام میں نماز ادا کرنے والوں کی تعداد 3 کروڑ 49 لاکھ رہی، جن میں سے 54 ہزار 400 نمازیوں نے حطیم) میں نماز ادا کی ہے۔
اسی طرح مسجدِ نبویؐ میں نماز ادا کرنے والوں کی تعداد دو کروڑ 50 لاکھ رہی، روضۂ شریفہ میں 12 لاکھ نمازیوں نے نماز ادا کی جبکہ نبی کریمﷺ اور آپؐ کے دونوں رفیقوںؓ پر سلام پیش کرنے والوں کی تعداد 25 لاکھ زائرین تک پہنچی ہے۔
انتظامیہ نے بتایا کہ یہ اعداد و شمار مجموعی داخلوں کے اشاریے (Throughput) کے مطابق مرتب کیے گئے ہیں، اور اس بات کی تصدیق کی کہ خدمات کے نظام کی ترقی اور عملی کارکردگی میں بہتری کے لیے کوششیں مسلسل جاری ہیں تاکہ زائرین کی سلامتی اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے اور ان کے روحانی تجربے کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ یہ تمام کوششیں مسجد الحرام اور مسجدِ نبویؐ کے زائرین کی خدمت اور فراہم کردہ خدمات کے معیار کو بلند کرنے کے لیے سعودی وژن 2030 کے اہداف سے ہم آہنگ ہیں۔
انتظامیہ نے زائرین حرمین شریفین سے اپیل کی ہے کہ انتظامی عملے کی ہدایات پر عمل کریں اور اپنی سلامتی کو یقینی بنائیں۔