وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ ماہِ رمضان کے دوران بیرونِ ملک سے آنے والے معتمرین کی تعداد 16 لاکھ 80 ہزار سے تجاوز کر گئی، جو عمرہ کی ادائیگی کے لیے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ اضافہ ان سہولیات اور خدمات کا نتیجہ ہے جو مملکت کی جانب سے فراہم کی جا رہی ہیں، جس کے باعث زائرین کو اپنے مناسک آسانی اور اطمینان کے ساتھ ادا کرنے میں مدد ملی، اور یہ سب وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت نے وضاحت کی کہ روضہ اطہر میں نماز کے لیے بکنگ کی تعداد 11 لاکھ سے تجاوز کر گئی، جس سے 155 ممالک کے معتمرین مستفید ہوئے۔
یہ ڈیجیٹل خدمات کے وسیع استعمال، ان تک آسان رسائی اور منظم طریقہ کار کے تحت زیارت کو سہل بنانے کا مظہر ہے۔
زائرین کی براہِ راست خدمت کے حوالے سے ’نسک عنایہ‘ کے 30 مراکز، جو مكہ مكرمہ، مدينہ منورہ اور جدہ میں قائم ہیں، نے 11 زبانوں میں ایک لاکھ 53 ہزار سے زائد خدمات فراہم کیں، جن میں رہنمائی، فیلڈ سپورٹ اور مستفیدین کی معاونت شامل ہے۔
اسی طرح زائرین کے لیے قائم کیئر سینٹر (1966) نے 19 ہزار 700 سے زائد شکایات اور استفسارات پر کارروائی کی، جن میں 93.3 فیصد سے زیادہ کو کامیابی سے حل کیا گیا، جو تیز ردِعمل اور معیاری خدمات کا ثبوت ہے۔
مزید برآں، وزارت کی نگرانی کرنے والی ٹیموں نے ماہِ رمضان کے دوران 21 ہزار 500 سے زائد فیلڈ انسپیکشنز کیے، جن میں رہائشی سہولیات اور سروس فراہم کرنے والوں کا جائزہ لیا گیا، تاکہ ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے اور زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔