ایرانی فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج نے کہا ہے کہ ان کی تنظیم فیفا کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ آئندہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران ایرانی ٹیم کے میچز امریکہ کے بجائے میکسیکو میں منتقل کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ اقدام کھلاڑیوں کی سلامتی سے متعلق خدشات کے پیش نظر زیر غور ہے، خاص طور پر موجودہ علاقائی کشیدگی اور ایران کے خلاف جاری امریکی و اسرائیلی جنگی صورتحال کے تناظر میں۔
دوسری جانب ایرانی وزیر کھیل نے گزشتہ ہفتے واضح کیا تھا کہ موجودہ حالات میں ایرانی کھلاڑیوں کی امریکا میں شرکت ممکن نہیں، کیونکہ سیکیورٹی خطرات بدستور موجود ہیں۔
قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو ٹورنامنٹ میں شرکت کی اجازت ہوگی تاہم انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ایرانی ٹیم کے لیے امریکا میں کھیلنا ’ان کی جان اور سلامتی‘ کے حوالے سے موزوں نہیں ہو سکتا۔
مہدی تاج نے میکسیکو میں ایرانی سفارت خانے کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ جب امریکی صدر خود ایرانی ٹیم کی سیکیورٹی کی ضمانت دینے سے قاصر ہیں تو ایسی صورت میں ٹیم کا امریکا کا سفر کرنا ممکن نہیں۔