اہم خبریں
16 March, 2026
--:--:--

واشنگٹن: مجتبیٰ خامنہ ای اور دیگر قیادت کی معلومات پر خطیر انعام

Picture of Overseas Post
Overseas Post
شیئر
ووٹ
Array
50% LikesVS
50% Dislikes
(فوٹو: انٹرنیٹ)

امریکا نے ایرانی پاسدارانِ انقلاب سے وابستہ اعلیٰ شخصیات کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے 10 ملین ڈالر تک انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

مزید پڑھیں

یہ اعلان امریکی محکمہ خارجہ کی سیکیورٹی سروس کے تحت چلنے والے پروگرام ’ریوارڈز فار جسٹس‘(Rewards for Justice) نے کیا ہے۔

یہ مالی انعام اِن افراد سے متعلق قابلِ اعتماد معلومات فراہم کرنے پر دیا جائے گا جو ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی مختلف شاخوں کی قیادت اور انتظام سنبھال رہے ہیں اور جن پر دنیا بھر میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی اور ان کے نفاذ میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔

امریکی حکام نے اعلان میں کہا ہے کہ جس شخص کے پاس ان رہنماؤں یا پاسدارانِ انقلاب کے مختلف نیٹ ورکس سے متعلق معلومات موجود ہوں وہ انہیں محفوظ خفیہ رپورٹنگ پلیٹ فارم کے ذریعے فراہم کر سکتا ہے۔

ایران، امریکہ جنگ: تازہ ترین خبروں کے لیے کلک کریں

اس مقصد کے لیے ’ٹور‘ (Tor) نیٹ ورک پر مبنی خفیہ پورٹل اور ’سگنل‘ (Signal) ایپلی کیشن کے ذریعے رابطے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق معلومات فراہم کرنے والے افراد انعام کے ساتھ ساتھ ممکنہ طور پر دوبارہ آبادکاری (ری سیٹلمنٹ) کے اہل بھی ہو سکتے ہیں۔

اعلان کے مطابق مطلوب شخصیات میں مجتبیٰ خامنہ ای بھی شامل ہیں جو ایران کے نومنتخب سپریم لیڈر اور سابقہ سپریم لیڈر علی خامنہ ای کے بیٹے ہیں۔

علاوہ ازیں فہرست میں علی اصغر حجازی (سپریم لیڈر کے دفتر کے نائب سربراہ)، یحییٰ رحیم صفوی (سپریم لیڈر کے نمایاں فوجی مشیر)، علی لاریجانی (سپریم لیڈر کے مشیر اور سابق سیکریٹری سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل)، اسماعیل خطیب وزیر انٹیلی جنس و سیکیورٹی اور اسکندر مؤمنی وزیر داخلہ شامل ہیں۔

امریکی اعلان میں مزید ایسے عہدوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے جن میں سیکریٹری مجلسِ دفاع، سپریم لیڈر کے مشیر، سپریم لیڈر کے فوجی دفتر کے سربراہ اور پاسدارانِ انقلاب کے ایک کمانڈر شامل ہیں۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ متعلقہ معلومات رکھنے والے افراد اس کی سرکاری رابطہ گاہوں کے ذریعے معلومات فراہم کریں۔

اس مقصد کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر اکاؤنٹ @RFJ_USA اور ایک مخصوص بین الاقوامی فون نمبر بھی فراہم کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ’ریوارڈز فار جسٹس‘ پروگرام امریکی محکمہ خارجہ کا ایک اقدام ہے، جس کے تحت ایسی معلومات فراہم کرنے والوں کو مالی انعام دیا جاتا ہے جو امریکا کے مطابق دہشت گردی اور بین الاقوامی سیکیورٹی خطرات کے خلاف کارروائیوں میں مددگار ثابت ہوں۔