سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے روڈز نے باضابطہ طور پر حائل، رفحاء روڈ کی تکمیل کا اعلان کر دیا ہے جس کا مقصد حائل ریجن اور شمالی سرحدی ریجن کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا، لاجسٹک نقل و حرکت کو فروغ دینا اور دونوں علاقوں کے درمیان سفر کے دورانیے کو کم کرنا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اتھارٹی نے کہا ہے کہ حائل، رفحاء روڈ رفحاء سے شروع ہو کر حائل۔بقعاء روڈ سے جا ملتی ہے جس کی مجموعی لمبائی 246 کلومیٹر ہے۔
ادارے نے واضح کیا کہ یہ منصوبہ سڑکوں کے نیٹ ورک پر بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے اور روڈ سیکٹر پروگرام کے اہداف کے حصول کے لیے مکمل کیا گیا ہے۔
اتھارٹی نے مزید بتایا کہ یہ منصوبہ زائرین کے لیے بھی اہم ہے کیونکہ یہ شاہراہ حائل، مدینہ منورہ روڈ کی توسیع ہے جو مکہ مکرمہ کی جانب جاتی ہے۔
اس کے علاوہ یہ حائل ریجن، شمالی سرحدی علاقے اور ہمسایہ ممالک کے درمیان رابطے کو بھی مضبوط بناتی ہے۔
ادارے کے مطابق یہ سڑک دونوں علاقوں کے درمیان لاجسٹک سرگرمیوں اور اقتصادی روابط کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ سفر کا وقت کم کرنے اور اس اہم شاہراہ پر نقل و حرکت کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد دے گی۔