مملکت کے علاقے الباحہ کے کھیت اور باغات ماہِ رمضان میں مقامی منڈیوں کو تازہ پھلوں اور سبزیوں کی وافر مقدار فراہم کر رہے ہیں، جس کے باعث افطار و سحری کے دسترخوان مزید متنوع ہو گئے ہیں اور صارفین کی بڑی تعداد مقامی زرعی مصنوعات کو ترجیح دے رہی ہے۔
مزید پڑھیں
رمضان کے دوران الباحہ کی منڈیوں میں مختلف موسمی پھل اور زرعی اجناس نمایاں طور پر دستیاب ہیں۔
ان میں انگور، انار، انجیر، بادام، کینو، مالٹا اور لیموں شامل ہیں، جبکہ تازہ سبزیوں کی کئی اقسام بھی فروخت ہو رہی ہیں جو سلاد اور مختلف روایتی رمضانی پکوانوں کی تیاری میں استعمال ہوتی ہیں۔
الباحہ کو سعودی عرب کے اہم زرعی علاقوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
یہاں کا متنوع قدرتی ماحول اور معتدل آب و ہوا مختلف فصلوں کی کاشت کے لیے موزوں ہیں، جس کی بدولت علاقے میں پیدا ہونے والے پھل اور سبزیاں معیار اور ذائقے کے لحاظ سے خاص شہرت رکھتے ہیں۔
ان ہی خصوصیات کے باعث الباحہ کی زرعی پیداوار کو مقامی منڈیوں میں نمایاں مقام حاصل ہے، خصوصاً رمضان کے مہینے میں اس کی طلب میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے۔
واضح رہے کہ بہت سے صارفین مقامی زرعی مصنوعات کو اس لیے بھی ترجیح دیتے ہیں کہ وہ تازہ اور معیاری ہوتی ہیں، جبکہ ان کی خریداری سے مقامی کاشتکاروں کو سہارا ملتا ہے اور قومی زرعی پیداوار کو رمضانی دسترخوانوں میں نمایاں جگہ ملتی ہے۔