شاہ سلمان ریلیف سینٹر نے یمن کے شہر عدن میں وزارتِ صحت کو ملیریا کے مرض سے نمٹنے کے لیے ادویات اور طبی سامان کی ایک نئی کھیپ فراہم کر دی ہے۔
مزید پڑھیں
یہ امداد عالمی ادارہ صحت کے تعاون سے یمن میں ملیریا کی روک تھام اور کنٹرول کے منصوبے کے دوسرے مرحلے کے تحت دی گئی ہے۔
ادویات حوالگی کی تقریب میں یمنی وزیر صحت ڈاکٹر قاسم بحیبح، وزارت کے اعلیٰ حکام اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر سید جعفر حسین نے شرکت کی۔
طبی امداد کی کھیپ میں ملیریا کے علاج کے لیے انتہائی موثر
’آرٹیمیسینن‘ (ACTs) کی 1,71,450 خوراکیں، پریماکوئن کی 1,25,000 گولیاں اور شدید حالت کے مریضوں کے لیے آرٹیسونیٹ کے 15,000 انجکشن شامل ہیں۔
اس کے علاوہ بیماری پھیلانے والے مچھروں اور کیڑوں کے خاتمے کے لیے 18 لاکھ مخصوص جراثیم کش مچھر دانیاں اور 29 ٹن سے زائد کیڑے مار ادویات بھی فراہم کی گئی ہیں۔
یہ طبی سامان یمن کے 15 صوبوں کے 200 سے زائد ڈائریکٹوریٹ میں تقسیم کیا جائے گا، جس سے لاکھوں یمنی شہریوں کو اس موذی مرض سے بچاؤ اور علاج میں مدد ملے گی۔
یمنی وزیر صحت ڈاکٹر قاسم محمد بحیبح نے اس فراخدلانہ امداد پر مملکت سعودی عرب اور شاہ سلمان ریلیف سینٹر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادویات کی یہ کھیپ یمن کے طبی شعبے کے لیے ایک بڑا سہارا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان ادویات سے نہ صرف ملک میں ملیریا کے کیسز میں کمی آئے گی بلکہ موجودہ چیلنجز کے باوجود صحت کے مراکز میں علاج کی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا سکے گی۔
واضح رہے کہ یہ امداد سعودی عرب کی ان مسلسل انسانی کوششوں کا حصہ ہے جو وہ یمن میں صحت کے نظام کی بحالی، بیماریوں پر قابو پانے اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے انجام دے رہا ہے۔