بحرین ڈیفنس فورس کی جنرل کمانڈ نے اعلان کیا ہے کہ مملکت کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی حملوں کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 106 میزائلوں اور 177 ڈرونز کو کامیابی سے ناکام بنا دیا ہے۔
مزید پڑھیں
سرکاری بیان کے مطابق ان حملوں میں بحرین کی حدود کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم دفاعی نظام نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان تمام خطرات کو فضا ہی میں تباہ کر دیا۔
حکام نے ان حملوں کو ملکی سلامتی کے خلاف ایک بڑی سازش قرار دیتے ہوئے اپنے دفاعی عزم کا اعادہ کیا ہے۔
جنرل کمانڈ نے وضاحت کی ہے کہ بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کے
ذریعے سویلین مقامات اور نجی املاک کو نشانہ بنانا بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ایران، امریکہ جنگ: اپ ڈیٹ رہنے کے لیے کلک کریں
بحرینی فوج کے مطابق شہری آبادیوں پر اس طرح کے حملے عالمی سطح پر طے شدہ جنگی اصولوں کے منافی ہیں اور ان کا مقصد صرف اور صرف خوف و ہراس پھیلانا اور معصوم انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنا ہے۔
بحرین کی عسکری قیادت نے مزید کہا کہ یہ بلا امتیاز اور وحشیانہ حملے علاقائی امن و سلامتی کے لیے براہِ راست خطرہ ہیں۔
بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ بحرین اپنی زمین اور عوام کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گا اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
دفاعی فورسز نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ ملکی سرحدیں محفوظ ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام یونٹس ہائی الرٹ پر ہیں۔