دبئی حکومت کے میڈیا آفس نے اطلاع دی ہے کہ دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ DXB کے اطراف دو ڈرون طیارے گرنے کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں گھانا سے تعلق رکھنے والے دو غیر ملکی اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والا ایک غیر ملکی معمولی زخمی ہوئے جبکہ ایک انڈین غیر ملکی کو درمیانی نوعیت کی چوٹیں لگی ہیں۔
حکام نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری ہے۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا کہ فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے آنے والے میزائل حملوں اور ڈرون طیاروں کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا ہے۔
وزارت کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں سنی جانے والی آوازیں دراصل فضائی دفاعی نظام اور لڑاکا طیاروں کی جانب سے کیے گئے انٹرسیپشن آپریشنز کے نتیجے میں تھیں۔
وزارتِ دفاع نے بتایا کہ گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران اماراتی دفاعی نظام نے 9 بیلسٹک میزائلوں کو روکا جن میں سے 8 کو تباہ کر دیا گیا جبکہ ایک میزائل سمندر میں گر گیا۔
اسی طرح 35 ڈرون طیارے بھی ریکارڈ کیے گئے، جن میں سے 26 کو مار گرایا گیا جبکہ 9 ڈرون ملک کے اندر گر گئے۔
وزارت کے مطابق ایرانی حملوں کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 262 بیلسٹک میزائل ریکارڈ کیے گئے، جن میں سے 241 کو فضائی دفاع نے تباہ کیا جبکہ 19 میزائل سمندر میں گرے اور 2 میزائل ملک کے اندر پہنچ گئے۔
اسی طرح 1475 ڈرون طیارے ریکارڈ کیے گئے، جن میں سے 1385 کو تباہ کر دیا گیا جبکہ 90 ڈرون ملک کے اندر گرے، اس کے علاوہ 8 کروز میزائل بھی تباہ کیے گئے۔
وزارتِ دفاع کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے 122 افراد معمولی اور درمیانی نوعیت کے زخمی ہوئے ہیں۔