مملکت میں تاریخی مساجد کی ترقی و بحالی کے لیے ’پراجیکٹ محمد بن سلمان‘ کے تحت الاحساء کے شہر الہفوف میں واقع قدیم اور تاریخی مسجد الحبيش کو بحال کر دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
اس منصوبے کا مقصد مملکت کے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانا اور وژن 2030 کے اہداف کے مطابق اس کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
الہفوف کے علاقے الرفعۃ الجنوبیہ میں واقع یہ مسجد اس علاقے کی قدیم ترین مساجد میں سے ایک ہے، جس کی تاریخ علاقے کے مکینوں کی زندگیوں اور نسلوں سے جڑی ہوئی ہے۔
اس مسجد کا قیام تیرہویں صدی ہجری میں عمل میں آیا تھا ۔ اپنے دور
میں یہ مسجد نہ صرف عبادت گاہ تھی بلکہ علم و حکمت کا گہوارہ بھی رہی، جہاں شرعی علوم کی تدریس کے لیے حلقات قائم کیے جاتے تھے، جن میں الاحساء کے نامور عالم دین شیخ عبدالعزیز بن صالح العلجي کے دروس خاص طور پر معروف تھے۔
مسجد الحبيش کی تعمیر الاحساء کے روایتی طرزِ تعمیر کی عکاس ہے، جس میں دائرہ نما محرابوں والا ایک رواق شامل ہے جو اس کے اندرونی حصے کو ایک خاص جمالیاتی حسن دیتا ہے۔
اس کی تعمیر میں چونا پتھر اور مٹی کا استعمال کیا گیا ہے جبکہ چھت کو صندل کی لکڑی، بانس کی تیلیوں اور چٹائیوں سے ڈھانپا گیا ہے، جو مقامی ماحول کے ساتھ ہم آہنگی اور سادگی کو ظاہر کرتا ہے۔
مسجد کا کل رقبہ تقریباً 318 مربع میٹر ہے جس میں ایک وقت میں 90 نمازیوں کے عبادت کرنے کی گنجائش موجود ہے۔
اس کے مرکزی حصے میں 13.56 میٹر لمبا اور 3.18 میٹر چوڑا نماز کا ہال شامل ہے۔ اسی طرح 84 مربع میٹر کا صحن، 8.16 میٹر لمبی اور 3.25 میٹر چوڑی بیت الخلا، ایک امام کا کمرہ اور 5.48 میٹر اونچا چوکور مینار شامل ہے۔
سال 2020 میں اس تاریخی مسجد کے لیے ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا گیا، اس دوران اس کے ڈھانچے کو محفوظ رکھتے ہوئے سہولیات کو وسیع کیا گیا۔
یہ تمام کام اس طرح انجام دیے گئے کہ مسجد کا اصل تاریخی خدوخال برقرار رہے۔
یہ منصوبہ سعودی ماہر انجینئرز کی زیر نگرانی اور تاریخی عمارتوں میں مہارت رکھنے والی سعودی کمپنیوں کے ذریعے مکمل کیا گیا ہے، جس میں روایتی تعمیراتی معیارات اور جدید ٹیکنالوجی کا توازن رکھا گیا تاکہ پائیداری کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس پروجیکٹ کے 4 بنیادی اسٹریٹیجک اہداف ہیں، جن میں تاریخی مساجد کو عبادت کے لیے دوبارہ فعال بنانا، ان کی تعمیراتی اصلیت کو بحال کرنا، مملکت کے تہذیبی پہلو کو دنیا کے سامنے لانا اور ان مساجد کی مذہبی و ثقافتی حیثیت کو مستحکم کرنا شامل ہے۔