ایوان شاہی کے مشیر اور سربرآوردہ علما بورڈ کے رکن شیخ عبدالله بن سليمان المنيع نے کہا ہے کہ فلکیاتی حسابات کے مطابق بدھ 29 رمضان کی شام شوال کا چاند نظر آنا ناممکن ہے کیونکہ غروبِ آفتاب کے بعد افق پر چاند موجود نہیں ہوگا بلکہ چاند سورج سے تقریباً 30 منٹ پہلے غروب ہو جائے گا۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق شیخ المنیع نے وضاحت کی کہ ان معلومات کے مطابق رمضان کے 30 روزے مکمل ہوں گے اور فلکیاتی لحاظ سے عید الفطر کا پہلا دن جمعہ 20 مارچ 2026 کو ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ 29 شعبان بروز منگل 17 فروری 2026 کی شام رمضان
کے چاند کی رویت کی گئی تھی، اس وقت مکہ مکرمہ میں سورج شام 6:20 پر غروب ہوا جبکہ چاند 6:22 پر غروب ہوا یعنی سورج کے دو منٹ بعد۔
اسی بنا پر شرعی رویت اور متعلقہ اداروں کے اعلان کے مطابق رمضان المبارک کا آغاز ثابت ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلکیاتی حسابات کے مطابق بدھ 29 رمضان کی شام سورج 6:32 پر غروب ہوگا جبکہ چاند 6:02 پر غروب ہو جائے گا، یعنی سورج سے تقریباً 30 منٹ پہلے، جس کا مطلب ہے کہ غروبِ آفتاب کے بعد چاند افق پر موجود نہیں ہوگا اور اس رات اس کی رویت ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان فلکیاتی نتائج کے مطابق جمعرات رمضان کا تیسواں اور آخری دن ہوگا جبکہ جمعہ 20 مارچ 2026 کو فلکیاتی طور پر عید الفطر کا پہلا دن متوقع ہے۔
شیخ المنیع نے زور دیا کہ ہجری مہینوں کے آغاز کا حتمی اعلان ریاست کے متعلقہ اداروں کا اختیار ہے اور عوام کو چاہیے کہ اسی کی پابندی کریں، اتحاد برقرار رکھیں اور ایسی باتوں سے گریز کریں جو لوگوں کے درمیان اختلاف یا انتشار کا سبب بنیں۔