بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ’آئی ایم ایف‘ کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جورجیوا نے خبردار کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری نئے تنازع اور تیل کی بڑھتی قیمتیں عالمی سطح پر مہنگائی کے خطرات کو بڑھا سکتی ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جاپان کی وزارتِ خزانہ کے زیرِ اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر مشرقِ وسطیٰ کا بحران طویل ہوگیا تو اس کے منفی اثرات عالمی منڈیوں کے اعتماد، معاشی ترقی اور مہنگائی پر پڑ سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں
جورجیوا کے مطابق اگر تیل کی قیمتوں میں 10 فیصد اضافہ پورے سال کے بیشتر حصے تک برقرار رہے تو اس کے نتیجے میں عالمی مہنگائی کی شرح میں تقریباً 40 بیسس پوائنٹس کا اضافہ ہوسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی معیشت ایک بار پھر اپنی لچک اور برداشت کی آزمائش سے گزر رہی ہے کیونکہ سیاسی کشیدگی اور توانائی کی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ معاشی بحالی کو کمزور بنا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایران، امریکہ جنگ کے باعث قطر، کویت اور حال ہی میں بحرین نے فورس میجر کا اعلان کر دیا ہے، علاوہ ازیں آبنائے ہرمز کے بحران کے باعث تیل کی قیمتیں کافی حد تک بڑھ چکی ہیں۔