جدید اسمارٹ ٹیکنالوجیز نے مسجدِ حرام کے اندر ہجوم کے انتظام کی کارکردگی کو نمایاں طور پر بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
یہ کام ایسے اسمارٹ گنتی نظاموں کے ذریعے ممکن ہوا ہے جو سینسرز اور لمحہ بہ لمحہ نگرانی پر مبنی ہیں اور داخلی راستوں اور راہداریوں میں زائرین کی آمد و رفت کو نہایت درستگی کے ساتھ ریکارڈ کرتے ہیں جس سے زائرین کی سلامتی میں اضافہ اور ان کے تجربے کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں
حرمین شریفین انتظامیہ نے وضاحت کی ہے کہ یہ نظام ہجوم کے انتظام میں معاون تکنیکی ستونوں میں سے ایک ہیں۔
یہ نظام فوری نوعیت کا ڈیٹا فراہم کرتا ہے جو گراؤنڈ ٹیموں کو مسجد الحرام کے اندر نقل و حرکت کو منظم کرنے اور رش میں کسی بھی تبدیلی سے براہِ راست اور مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے تیز اور زیادہ درست فیصلے کرنے کے قابل بناتا ہے۔
انتظامیہ بتایا ہے کہ اسمارٹ ٹیکنالوجیز نے زائرین کی آمد و رفت کو نہایت روانی کے ساتھ منظم کرنے میں مدد دی ہے اور مختلف منزلوں، صحنوں اور راستوں میں ان کی متوازن تقسیم کو یقینی بنایا ہے جس سے بھیڑ کم ہوئی اور سب کے لیے اعلیٰ ترین معیار کی سلامتی اور راحت کو فروغ ملا۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ اسمارٹ گنتی نظام انسانی کثافت اور اجتماعات کی سطح کی بروقت نشاندہی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جس کے نتیجے میں پیشگی مداخلت اور ممکنہ رکاوٹوں کا بروقت حل ممکن ہو پاتا ہے۔
یہ سب ایک مربوط عملی نظام کے تحت انجام دیا جاتا ہے جو ٹیکنالوجی اور میدانی تیاری پر مبنی ہے۔
انتظامیہ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ تکنیکی حل کا استعمال حرمین شریفین کے زائرین کی خدمت کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لانے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔
اس کا مقصد فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بلند کرنا ہے تاکہ ترقیاتی اہداف کے ساتھ ہم آہنگ رہتے ہوئے ضیوفِ رحمن کے تجربے کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔