کویتی فضائی کمپنی الجزیرہ ایئر ویز نے آج اتوار کو کہا ہے کہ اس نے اپنی پروازوں کی سرگرمیاں سعودی عرب کے القیصومہ ایئرپورٹ منتقل کر دی ہیں۔
یہ فیصلہ سعودی عرب اور کویت کے متعلقہ حکام سے سرکاری منظوری ملنے کے بعد کیا گیا ہے، کیونکہ کویتی فضائی حدود عارضی طور پر بند ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق الجزیرہ ایئر ویز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کویتی خبر رساں ایجنسی کونا سے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد موجودہ علاقائی حالات کے پیش نظر کویتی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو کویت آنے اور جانے میں ترجیحی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ القیصومہ ایئرپورٹ کے ذریعے زمینی راستے سے کویت پہنچ سکیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ یہ فیصلہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کی سرگرمیاں بدستور معطل ہیں، جس کے باعث مختلف ممالک میں کچھ مسافر پھنس گئے ہیں جبکہ کویت کے اندر بھی کئی مقیم افراد اور مسافر اپنے ممالک واپس جانا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ القیصومہ ایئرپورٹ کویت سے زمینی راستے کے ذریعے تقریباً ڈھائی گھنٹے کی مسافت پر واقع ہے۔
وہاں پہنچنے والے مسافر زمینی سفر کے ذریعے کویت داخل ہو سکتے ہیں، جبکہ کویت سے باہر جانے کے خواہشمند افراد بھی زمینی راستے سے اسی ایئرپورٹ پہنچ کر الجزیرہ ایئر ویز کی پروازوں کے ذریعے کمپنی کے مختلف عالمی مقامات کے لیے سفر جاری رکھ سکتے ہیں تاہم مسافروں کے لیے سعودی عرب میں داخلے کے لیے ویزا ہونا ضروری ہے۔