وزارتِ حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال کے لیے اندرونِ ملک عازمین حج کو منیٰ کے رہائشی ٹاورز میں فراہم کی جانے والی تمام نشستیں مکمل طور پر بُک ہو چکی ہیں۔
مزید پڑھیں
یہ اطلاع وزارت کے ڈیجیٹل پلیٹ فارم ’نسک‘ کے ذریعے جاری ہوئی، جس میں بتایا گیا کہ شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کے لیے مخصوص منیٰ کے 6 رہائشی ٹاورز میں حج کی تمام نشستیں بُک ہوگئیں۔
وزارت کے مطابق اس وقت ٹاورز پیکیج کے تحت مزید نشستیں بکنگ کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔
تاہم حج کے خواہش مند افراد کے لیے اب بھی دیگر پیکجز میں نشستیں
موجود ہیں، جن میں پیکیج نمبر 1 اور پیکیج نمبر 2 شامل ہیں اور ان کے ذریعے رجسٹریشن اور بکنگ کا عمل جاری رکھا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ وزارت حج و عمرہ نے گزشتہ بدھ سے اندرونِ ملک عازمینِ حج کی رجسٹریشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا تھا۔
اس مرحلے میں مختلف پیکیجز پیش کیے گئے تھے۔ وزارت کے مطابق درخواست دینے والے افراد اپنی ضرورت اور سہولت کے مطابق پیکیج منتخب کرکے ادائیگی کا عمل مکمل کر سکتے ہیں۔
وزارت کے مطابق ادائیگی کے لیے سعودی عرب کے سرکاری ادائیگی نظام ’سداد‘ کے ذریعے رقم جمع کرائی جا سکتی ہے، کیونکہ تمام مراحل مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام کے تحت انجام دیے جا رہے ہیں۔
بکنگ کی انوائس ادا کرنے کے لیے مقررہ مہلت 72 گھنٹے ہے جو 27 ذوالقعدہ 1447 ہجری تک برقرار رہے گی۔
اس کے بعد یعنی 28 ذوالقعدہ 1447 ہجری سے ادائیگی کے لیے دی جانے والی مہلت کم کر کے صرف 6 گھنٹے کر دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ درخواست گزاروں کو موقع مل سکے۔
حکام نے واضح کیا کہ اگر مقررہ مدت کے اندر انوائس کی ادائیگی نہ کی گئی تو بکنگ خودکار طور پر منسوخ ہو جائے گی اور نشست دوبارہ دوسرے درخواست گزاروں کے لیے دستیاب ہو جائے گی۔
حج پرمٹ جاری ہونے سے پہلے اور 30 شوال 1447 ہجری تک بکنگ منسوخ کرنے کی صورت میں کسی قسم کی رقم نہیں کاٹی جائے گی، تاہم اجازت نامہ اجرا کے بعد اگر منسوخی کی درخواست دی جاتی ہے تو اس پر مقررہ کٹوتیاں لاگو ہوں گی ۔
وزارت نے یہ بھی واضح کیا کہ یکم ذوالحجہ 1447 ہجری سے لے کر حج بکنگ پلیٹ فارم بند ہونے تک اگر بکنگ منسوخ کی جاتی ہے تو اس صورت میں ادا کی گئی رقم واپس نہیں کی جائے گی۔