قطر کے وزیرِ توانائی سعد بن شریدہ الکعبی نے توقع ظاہر کی ہے کہ تیل کی قیمت آئندہ دو سے تین ہفتوں میں 150 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے۔
عکاظ اخبار کے مطابق قطری وزیر نے فنانشل ٹائمز کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ اگر جنگ فوری طور پر بھی ختم ہو جائے تو قطر کو معمول کے سپلائی نظام میں واپس آنے کے لیے چند ہفتوں سے چند ماہ تک کا وقت درکار ہوگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ خلیجی خطے کے وہ تمام برآمد کنندگان جنہوں نے ابھی تک فورس میجر ’ہنگامی حالت‘ کا اعلان نہیں کیا، امکان ہے کہ اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی تو آئندہ چند دنوں میں وہ بھی ایسا اعلان کر دیں گے۔
ایران، امریکہ جنگ: تازہ خبروں کے لیے کلک کریں
قطر نے گزشتہ پیر کے روز مائع قدرتی گیس ’LNG‘ کی پیداوار روک دی تھی، کیونکہ ایران اسرائیل اور امریکا کے حملوں کے ردِعمل میں خلیجی ممالک کو نشانہ بنا رہا ہے۔
قطر کی مائع قدرتی گیس کی پیداوار عالمی سپلائی کا تقریباً 20 فیصد ہے اور یہ ایشیائی اور یورپی منڈیوں میں ایندھن کی طلب اور رسد کے توازن میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
وزیر نے مزید کہا کہ اگرچہ قطر کی سمندری تنصیبات کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، تاہم زمینی تنصیبات پر ممکنہ اثرات کا ابھی بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔