مسجد الحرام میں واقع ’المسعى‘ وہ مقدس مقام ہے جہاں حجاج اور معتمرین صفا اور مروہ کے درمیان سعی کی عبادت انجام دیتے ہیں۔
مزید پڑھیں
یہ مقام نہ صرف ایک اہم مذہبی منظر پیش کرتا ہے بلکہ سعودی عرب کی جانب سے بیت اللہ آنے والوں کی خدمت کے لیے قائم کی گئی جدید انتظامی اور خدماتی سہولیات کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
یہاں زائرین انتہائی منظم اور آرام دہ ماحول میں اپنی عبادت ادا کرتے ہیں جہاں سلامتی اور سہولت کے اعلیٰ معیار کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔
صفا اور مروہ کے درمیان ’المسعى‘ کی مجموعی لمبائی تقریباً 394 میٹر
ہے اور زائرین اس راستے پر 7 چکر لگاتے ہیں جو صفا سے شروع ہو کر مروہ پر ختم ہوتے ہیں۔
یہ عبادت حضرت ہاجرہ علیہا السلام کی اس جدوجہد کی یاد تازہ کرتی ہے جب انہوں نے اپنے بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کے لیے پانی کی تلاش میں اسی مقام پر چکر لگاتے ہوئے دوڑ لگائی تھی۔
اس روایت کے ذریعے صبر، یقین اور اللہ پر بھروسے کا پیغام نسل در نسل منتقل ہوتا آ رہا ہے۔
گزشتہ برسوں کے دوران مسجد الحرام کے توسیعی منصوبوں کے تحت ’المسعى‘ میں مسلسل ترقیاتی کام کیے گئے ہیں جس کے نتیجے میں یہ اب کئی منزلوں پر مشتمل جدید عمارت کی شکل اختیار کر چکا ہے۔
اس میں جدید ایئر کنڈیشننگ نظام، سنگ مرمر کے فرش اور مختلف زبانوں میں رہنمائی فراہم کرنے والے بورڈز نصب ہیں۔
اسی طرح بزرگوں اور خصوصی ضروریات کے حامل زائرین کے لیے مخصوص راستے بھی بنائے گئے ہیں جبکہ برقی گاڑیاں بھی فراہم کی گئی ہیں تاکہ عبادت کی ادائیگی مزید آسان ہو سکے۔
’المسعى‘ کے اندر زائرین کی بڑی تعداد کو منظم رکھنے کے لیے خصوصی انتظامی منصوبے بھی ترتیب دیے گئے ہیں، جن میں ہجوم کے بہاؤ کو متوازن رکھنے، مختلف مقامات پر افرادی قوت کی تعیناتی اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ شامل ہے تاکہ زائرین کی نقل و حرکت میں روانی برقرار رہے۔
یہ انتظامات خاص طور پر رمضان المبارک اور حج جیسے مصروف اوقات میں انتہائی اہمیت اختیار کر لیتے ہیں۔
حرمین شریفین انتظامیہ کے مطابق ’المسعى‘ میں فیلڈ ٹیمیں 24 گھنٹے سرگرم رہتی ہیں تاکہ زائرین کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے اور وہ مکمل سکون کے ساتھ اپنی عبادت ادا کر سکیں۔
اس مقصد کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو بھی استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ ہجوم کے نظم و نسق اور خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔