سعودی اسکاوٹس نے رمضان المبارک کے دوران حرم مکی شریف میں معتمرین خدمت میں 45,000 سے زائد رضاکارانہ گھنٹے فراہم کیے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اسکاؤٹ کیمپ میں ملک کے مختلف علاقوں سے 600 نوجوان اور اسکاوٹس لیڈرز نے حصہ لیا ہے۔
انہوں نے متعدد فیلڈ سرگرمیوں کے ذریعے خدمات فراہم کیں، جن میں معتمرین کی رہنمائی، مصلیوں کا انتظام، سیکیورٹی اور دیگر سہولیات میں تعاون، بچوں کی دیکھ بھال، پانی کی فراہمی اور حرم کے اندر خوشبو کے انتظامات شامل ہیں۔
تفصیل کے مطابق:
300 کیڈٹس نے معتمرین کی رہنمائی اور ہدایات کے لیے کام کیا، اور 22,500 گھنٹے خدمات فراہم کیں۔
180 کیڈٹس نے سیکیورٹی اور معاونت کے شعبے میں 13,500 گھنٹے کام کیا۔
60 کیڈٹس نے حرم اور اس کے صحنوں میں مصلیوں کے انتظام میں 4,500 گھنٹے خدمات انجام دیں۔
30 کیڈٹس نے ’القاصد الصغير‘ پروگرام کے تحت معتمرین کے بچوں کی دیکھ بھال میں 2,250 گھنٹے خدمات فراہم کیں۔
15 کیڈٹس نے پانی کی فراہمی میں 675 گھنٹے اور 15 کیڈٹس نے حرم کے صحنوں اور راہداریوں میں خوشبو کے انتظام میں 1,125 گھنٹے رضاکارانہ کام کیا، جس دوران 75,000 ملی لیٹر سے زائد خوشبو استعمال ہوئی۔
یہ سرگرمیاں سعودی عرب کی نوجوانوں اور اسکاوٹس کی اجتماعی کاوشوں اور ملکی خدماتی جذبے کی عکاس ہیں، جن کا مقصد معتمرین کے لیے سہولت اور سکون فراہم کرنا ہے۔