بحرین کی ثقافت و آثار قدیمہ اتھارٹی نے ملک میں نادر آثارِ قدیمہ کی دریافت کا اعلان کیا ہے جو مٹی سے بنا ہوا ایک قدیم نقاب ہے جسے فیانس ماسک کہا جاتا ہے۔
العربیہ کے مطابق اتھارٹی نے اس کی عمر 3300 سال سے زائد بتائی ہے۔
یہ ماسک جنوبی بحرین کے علاقے الحلہ میں دلمن تہذیب سے تعلق رکھنے والی دو خواتین کی اجتماعی قبر سے دریافت ہوا ہے۔
مزید پڑھیں
بحرین کی ثقافت و آثار قدیمہ اتھارٹی نے کہا ہے کہ یہ نقاب بحرین میں ہونے والی نایاب ترین آثارِ قدیمہ کی دریافتوں میں سے ایک ہے کیونکہ یہ اپنی نوعیت کی اب تک دریافت ہونے والی صرف دوسری مثال ہے۔
اس دریافت کا اعلان ماہرِ آثارِ قدیمہ مشاعل الشامسی نے ’خلیجِ عرب کے آثار: دریافت اور تحفظ کے درمیان‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک علمی
نشست کے دوران کیا ہے جس کا اہتمام ثقافت و آثار قدیمہ اتھارٹی نے خلیج تعاون کونسل کے جنرل سیکرٹریٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔
مشاعل الشامسی نے وضاحت کی ہے کہ یہ نقاب تاحال گہرے اور مفصل مطالعے کا محتاج ہے کیونکہ یہ ان نوادرات میں شامل ہے جن پر اب تک خاطر خواہ تحقیق نہیں کی جا سکی۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت ایک خصوصی سائنسی تحقیق کی تیاری جاری ہے جس میں اس نقاب کے ساتھ ساتھ دیگر دریافت شدہ اشیا، مثلاً موتی اور اس کے ساتھ ملنے والی تدفینی اشیا کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔