سعودی وزارت حج نے واضح کیا ہے کہ رواں سال حج کے لیے رجسٹریشن میں ترجیح ان افراد کو دی جائے گی جنہوں نے پہلے فریضہ حج ادا نہیں کیا۔
مزید پڑھیں
وزارت کے مطابق یہ ترجیحی مرحلہ شوال کے اختتام تک جاری رہے گا، بعد ازاں نشستیں دستیاب ہونے کی صورت میں دیگر اہل افراد بشمول محرم کیٹیگری کے لیے بکنگ کھولی جائے گی۔
اعلان کے مطابق بدھ سے اندرون ملک حجاج، یعنی شہریوں اور مقیمین کے لیے مختص نشستوں کی رجسٹریشن کا دوسرا مرحلہ شروع ہوگا۔
اس مرحلے میں منظور شدہ کمپنیوں کے ذریعے پیکیجز پیش کیے جائیں گے، جنہیں ’نسک‘ ایپ اور وزارت کی سرکاری ویب سائٹ پر دیکھا اور منتخب کیا جا سکے گا، جس کے بعد نشست بک کی جائے گی۔
متوقع پیکیجز میں ڈویلپڈ کیمپس، مہمان نوازی کیمپس، 6 ٹاورز اور کدانہ ٹاورز شامل ہوں گے۔
وزارت نے بتایا کہ درخواست دہندہ کی عمر کم از کم 15 سال ہونی چاہیے اور مقررہ طبی شرائط پر پورا اترنا بھی لازم ہے۔
اسی طرح مقیمین کے لیے شرط ہے کہ اقامہ کارآمد ہو اور ترجیح اُن افراد کو جائے گی جن کا اقامہ ایک سال سے زائد عرصہ قبل جاری ہوا ہو۔
وزارت نے زور دیا ہے کہ معاہدے کا عمل صرف لائسنس یافتہ کمپنیوں کے ذریعے ہوگا جو ’نسک‘ ایپ میں درج ہیں۔
رجسٹریشن حاجی کو خود کرنی ہوگی، جس میں اکاؤنٹ بنانا، کوائف مکمل کرنا، اہلیت کی تصدیق، پیکیج کا انتخاب اور ’سداد‘ نظام کے ذریعے فیس کی ادائیگی کے بعد حج پرمٹ جاری کیا جائے گا۔