وزارتِ دفاع کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے اعلان کیا ہے کہ دشمن کے بھیجے ہوئے 7 ڈرونز کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
ان ڈرونز میں سے 5 کو ریاض کے علاقے میں امیر سلطان ایئر بیس کے قریب مار گرایا گیا، جبکہ 2 ڈرونز نے مشرقی علاقے میں راس تنورہ آئل ریفائنری کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
بیان کے مطابق راس تنورہ ریفائنری پر حملے کی کوشش کرنے والے دونوں ڈرونز فضا ہی میں تباہ کیے گئے، تاہم اس دوران گرنے والے ٹکڑوں کے باعث ریفائنری کے قریب محدود نوعیت کی آگ بھڑک اٹھی۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ واقعہ شہری تنصیبات اور عام آبادی کے قریب پیش آیا، لیکن کسی شہری کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔
ایران، امریکہ جنگ: تازہ ترین خبروں کے لیے کلک کریں
اخبار 24 کے مطابق وزارت توانائی کے ایک ذمہ دار ذریعے نے بتایا کہ پیر کی صبح 07 بج کر 04 منٹ پر راس تنورہ میں واقع آئل ریفائنری کو ڈرونز کے ٹکڑے گرنے سے معمولی نقصان پہنچا۔
ڈرون کے ٹکڑے گرنے سے محدود آگ لگی جسے ہنگامی ٹیموں نے فوری طور پر بجھا دیا۔ حکام کے مطابق اس واقعے میں کسی قسم کی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
انہوں نے بتایا کہ احتیاطاً ریفائنری کے بعض آپریشنل یونٹس کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے، تاہم مقامی مارکیٹ کو تیل اور اس کی مصنوعات کی فراہمی معمول کے مطابق جاری ہے اور سپلائی متاثر نہیں ہوئی۔
بعد ازاں میجر جنرل ترکی المالکی نے تصدیق کی کہ آج ہی ریاض کے جنوب میں امیر سلطان ایئر بیس کے قریب 5 مزید دشمن ڈرونز کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے تباہ کر دیا گیاہے۔