سعودی عرب، بحرین، اُردن، کویت، قطر، متحدہ عرب امارات اور امریکا نے ایران کی جانب سے خطے میں کیے گئے میزائل اور ڈرون حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایران کی جانب سے مختلف ممالک پر اندھا دھند اور غیر ذمہ دارانہ حملے کیے گئے جو ناقابل قبول ہیں۔
مشترکہ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ان حملوں کا نشانہ بحرین، عراق بشمول عراقی کردستان، اُردن، کویت، عمان، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات بنے ہیں۔
ان بلا جواز حملوں سے مختلف ممالک براہ راست متاثر ہوئے ہیں، جہاں شہری آبادی کو خطرات لاحق ہوگئے اور شہری ڈھانچے کو نقصان بھی پہنچا۔
ایران، امریکہ جنگ: تازہ ترین خبروں کے لیے کلک کریں
دستخط کنندہ ممالک نے کہا کہ ایران کے سنگین اقدامات متعدد ممالک کی خودمختاری کی خلاف ورزی اور علاقائی استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ شہریوں اور ان ریاستوں کو نشانہ بنانا جو براہ راست لڑائی کا حصہ نہیں، انتہائی غیر ذمہ دارانہ طرز عمل ہے جو خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔
اعلامیے میں شامل ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین، خودمختاری اور شہریوں کے تحفظ کے لیے متحد رہیں گے۔
ساتھ ہی انہوں نے اپنے حق دفاع کو دہرایا اور علاقائی سلامتی کے عزم کا اعادہ کیا۔
بیان میں فضائی اور میزائل دفاع کے شعبے میں تعاون کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ اس اشتراک کی بدولت بڑے پیمانے پر جانی نقصان اور مزید تباہی کو روکا جا سکا ہے۔