امارات کی وزارت دفاع نے اتوار کو جاری ایک ہنگامی بیان میں بتایا ہے کہ ایرانی حملوں کے نتیجے میں 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 58 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں
وزارت کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے حملوں کے دوران 165 بیلسٹک میزائل، 2 کروز میزائل اور 541 ایرانی ڈرون طیاروں کا سراغ لگایا اور بڑی تعداد کو تباہ کر دیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی حملے کے دوسرے دن صبح اماراتی فضائیہ اور فضائی دفاع نے 20 بیلسٹک میزائل مار گرائے جبکہ 8 میزائل سمندر میں گرے۔
اسی کارروائی کے دوران 2 کروز میزائل اور 311 ڈرون تباہ کیے گئے، تاہم 21 ڈرون شہری مقامات کو نشانہ بنانے میں کامیاب رہے۔
ایران، امریکہ جنگ: تمام خبریں ایک جگہ پر، کلک کریں
وزارت دفاع نے مزید وضاحت کی کہ 28 فروری 2026 سے شروع ہونے والے ایرانی حملوں کے بعد مجموعی طور پر 165 بیلسٹک میزائل ایران سے امارات کی طرف فائر کیے گئے۔
ان میں سے 152 کو فضا ہی میں تباہ کر دیا گیا جبکہ 13 میزائل سمندر میں گرے۔ اسی طرح 2 کروز میزائلوں کا پتا چلا اور دونوں کو مار گرایا گیا۔ 541 ایرانی ڈرونز کی نشاندہی کی گئی جن میں سے 506 کو روکا اور تباہ کیا گیا، جبکہ 35 ڈرون اماراتی حدود کے اندر گرنے کی تصدیق ہوئی۔
وزارت کے مطابق ان حملوں سے مختلف علاقوں میں مادی نقصان ہوا۔ حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والے 3 افراد کا تعلق پاکستان، نیپال اور بنگلہ دیش سے تھا جبکہ زخمی ہونے والے 58 افراد میں اماراتی، مصری، ایتھوپیائی، فلپائنی، پاکستانی، ایرانی، بھارتی، بنگلہ دیشی، سری لنکن، آذربائیجانی، یمنی، یوگنڈا، اریٹیریا، لبنانی اور افغان شہری شامل ہیں ۔
بیان میں بتایا گیا کہ فضائی دفاعی نظام کی کارروائی کے دوران بعض میزائلوں اور ڈرونز کے ٹکڑے ملک کے مختلف علاقوں میں گرے، جس کے باعث کچھ شہری تنصیبات کو ہلکا اور درمیانے درجے کا نقصان پہنچا۔
وزارت دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ اماراتی فضائیہ اور دفاعی نظام ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
ساتھ ہی یہ بھی واضح کیا گیا کہ شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور ملک آنے والے مہمانوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔