مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث 4 خلیجی ممالک کی فضائی بند ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا کے مختلف ہوائی اڈوں پر خلیجی ممالک کی 28 پروازیں گراؤنڈ ہیں۔
مزید پڑھیں
سبق ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین اور کویت نے اپنی فضائی حدود خطے کی کشیدہ صورت حال کے باعث بند کردی ہیں، جس کے نتیجے میں کئی پروازیں متاثر ہوئیں اور طیاروں کو آسٹریلیا میں روکنا پڑا ہے۔
فلائٹ مانیٹرنگ ڈیٹا کے مطابق یہ طیارے ایڈیلیڈ، برسبن، میلبورن، پرتھ، سڈنی اور کینبرا کے ہوائی اڈوں پر موجود ہیں۔
ان ایئرپورٹس نے عارضی طور پر خلیجی ایئرلائنز کے طیاروں کے لیے ایک اہم مرکز کی شکل اختیار کر لی ہے، کیونکہ چاروں ممالک کی فضائی بندش نے پروازوں کے معمولات کو براہِ راست متاثر کیا ہے۔
ایران، امریکہ جنگ: تمام خبریں ایک جگہ پر، کلک کریں
اعداد و شمار کے مطابق آسٹریلیا میں موجود 28 طیاروں میں سے 12 طیارے امارات ایئرلائن کے ہیں، 13 قطر ایئرویز سے تعلق رکھتے ہیں، جبکہ 3 طیارے اتحاد ایئرویز کے ہیں۔
یہ تعداد واضح کرتی ہے کہ آسٹریلوی روٹس خلیجی ایئرلائنز کے لیے کتنے اہم ہیں، کیونکہ آسٹریلیا جانے اور وہاں سے آنے والی پروازیں دنیا کے طویل ترین اور نمایاں تجارتی فضائی راستوں میں شمار ہوتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق آسٹریلوی مارکیٹ پر خلیجی ایئرلائنز کا انحصار کافی زیادہ ہے، جس کی وجہ سے فضائی حدود کی بندش کے اثرات فوری طور پر نمایاں ہوئے ہیں۔
طیاروں کی مسلسل گراؤنڈنگ سے ہوائی اڈوں پر پارکنگ فیس، گراؤنڈ ہینڈلنگ چارجز اور باقاعدہ دیکھ بھال کے اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے اور اگر یہی صورتحال طویل عرصے تک برقرار رہی تو روزانہ کے نقصانات کئی ملین ریال تک پہنچ سکتے ہیں، جس سے متعلقہ ایئرلائنز پر مالی دباؤ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔