کویت کی وزارتِ دفاع کے سرکاری ترجمان کرنل سعود العطوان نے کہا ہے کہ فوج کی جنرل ہیڈکوارٹرز مسلسل عسکری کارروائیاں انجام دے رہی ہے تاکہ بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون حملوں کی لہروں کا مقابلہ کیا جا سکے۔
یہ اقدامات مسلح افواج کو سونپی گئی دفاعی ذمہ داریوں کے تحت کویت کی فضائی حدود کے تحفظ اور خودمختاری کے دفاع کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
ایران، امریکہ جنگ: بھر پور کوریج، کلک کریں
کویتی خبر رساں ایجنسی کے مطابق انہوں نے بتایا کہ فضائی دفاعی نظام کی جانب سے دشمن کے بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز کو نشانہ بنانے کے دوران ان کے ٹکڑے علی السالم ایئربیس میں گرے، جس کے نتیجے میں مسلح افواج کے 3 اہلکار معمولی زخمی ہوئے جبکہ کچھ مادی نقصان بھی ہوا۔
تاہم انہوں نے زور دیا کہ ان پیش رفتوں سے آپریشنل اور جنگی تیاری کی سطح متاثر نہیں ہوئی۔
العطوان نے مزید وضاحت کی کہ کویتی فضائی دفاعی نظام ایک مربوط دفاعی ڈھانچے کے تحت حملوں کا مقابلہ جاری رکھے ہوئے ہے، جو مسلح افواج کی اعلیٰ سطحی تیاری، عملی صلاحیتوں اور مختلف یونٹوں کے درمیان ہم آہنگی کی عکاسی کرتا ہے۔