ریاض، جدہ اور دمام ایئرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں کے لیے الرٹ جاری کیا ہے جو ان ممالک کی پروازوں کے لیے روانہ ہو رہے ہیں جن کی فضائی نقل و حرکت موجودہ حالات کے باعث متاثر ہوئی ہے۔
مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تازہ ترین معلومات اور شیڈول کی تصدیق کے لیے براہِ راست ایئر لائنز سے رابطہ کریں تاکہ وقت اور سہولت دونوں کی حفاظت ہو سکے۔
جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی انتظامیہ نے زور دیا کہ مسافر ایئر لائنز اور ہوائی اڈے کے سرکاری ذرائع سے ہی معلومات حاصل کریں تاکہ درست اور مصدقہ تفصیلات مل سکیں، اور کسی بھی پرواز کے شیڈول سے متعلق سوالات کے جوابات حاصل کیے جا سکیں۔
اسی طرح کی ہدایت ریاض کے کنگ خالد ایئرپورٹ اور دمام کے ایئرپورٹ نے بھی مسافروں کو جاری کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ وہ ایئر لائنز اور ہوائی اڈوں کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر نظر رکھیں تاکہ فوری اپ ڈیٹس اور شیڈول میں ممکنہ تبدیلیوں سے آگاہ رہیں۔
یہ انتباہ اس وقت جاری کیا گیا جب کچھ ممالک نے اپنی فضائی حدود عارضی طور پر بند کر دی ہیں کیونکہ ایران، امریکہ و اسرائیل کے درمیان فوجی تصادم شدت اختیار کر گیا ہے۔