ایران،اسرائیل اور امریکہ فوجی تصادم کا دائرہ وسیع ہو کر خلیجی ممالک تک جا پہنچا ہے جہاں چند ہی گھنٹوں میں صورتِ حال تیزی سے تبدیل ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔
العربیہ کی اطلاعات کے مطابق ایرانی میزائل بحرین کی سرزمین پر آ گرا جبکہ ایک اور میزائل کو قطر کی فضائی حدود میں روک لیا گیا ہے۔
عینی شاہدین نے کویت اور متحدہ عرب امارات کے دار الحکومت ابوظہبی میں بھی دھماکوں کی آوازیں سننے کی تصدیق کی ہے۔
ابتدائی شواہد سے عندیہ ملتا ہے کہ ایران خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنا رہا ہے، جو کہ ہفتہ کی علی الصبح اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے ایران کے اندرونی مقامات پر کیے گئے وسیع فضائی حملوں کے ردِعمل میں ہے۔
ان حملوں کے نتیجے میں دار الحکومت تہران اور اس کے نواحی علاقوں میں شدید دھماکے ہوئے تھے۔
تاہم اس امکان کو بھی مسترد نہیں کیا گیا کہ بعض خلیجی ممالک میں گرنے والے میزائل براہِ راست ان ممالک کو نشانہ بنانے کے بجائے اپنے راستے میں فنی خرابی کے باعث وہاں جا گرے ہوں۔
اس رپورٹ کی تیاری تک متعلقہ دار الحکومتوں کی جانب سے کوئی باضابطہ سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔