سعودی وزارتِ صحت نے اپنے آگاہی پلیٹ فارم کے ذریعے ماچا نامی مشروب سے متعلق حقیقت واضح کی ہے۔
وزارت نے اس عام تاثر کی تردید کی ہے کہ ماچا طحالب سے حاصل کیا جاتا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت نے بتایا ہے کہ ماچا دراصل سبز رنگ کا مرتکز پاؤڈر ہے جو سبز چائے کے پودے کے پتوں سے تیار کیا جاتا ہے اور یہ متعدد صحت بخش فوائد سے بھرپور مشروب سمجھا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں
وزارتِ صحت کے مطابق ماچا میں اینٹی آکسیڈنٹس کی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔
اس کے علاوہ اس میں امائنو ایسڈ L-theanine شامل ہوتا ہے جو توجہ اور ذہنی چوکسی کو بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔
وزارت نے یہ بھی بتایا کہ ماچا میں موجود مرکب کیٹیکنز خون میں مضر کولیسٹرول (LDL) کی سطح کم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
وزارت صحت نے مشورہ دیا ہے کہ ماچا کو مصنوعی مٹھاس، جیسے ونیلا سیرپ یا وائٹ چاکلیٹ کے بغیر استعمال کیا جائے۔
اگر ذائقہ بہتر بنانا مقصود ہو تو غذائی قدر اور صحت کے فائدے بڑھانے کے لیے ایک چوتھائی چھوٹا چمچ شہد بطور متبادل شامل کیا جا سکتا ہے۔