رمضان کے دوران جدہ کا واٹر فرنٹ سیاحوں کی سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والی تفریحی جگہ بن گیا ہے، جہاں روزانہ بڑی تعداد میں مقامی اور غیر ملکی زائرین کھنچے چلے آ رہے ہیں۔
مزید پڑھیں
یہ ساحلی مقام رمضان کے دوران ایک مکمل اور منفرد تجربہ فراہم کررہا ہے جس میں تفریح، کھیل، فن اور مہمان نوازی سب یکجا نظر آتے ہیں۔
بحرِ احمر کے ساتھ یہاں جدید طرز پر بنایا گیا طویل واک وے لوگوں کو افطار کے بعد چہل قدمی اور سمندر کے کنارے سکون سے وقت گزارنے کا موقع دیتا ہے۔
معتدل موسم، پرسکون ماحول اور رات کی خاص روشنی اس مقام کو
مزید دلکش بنا دیتی ہے ۔
واٹر فرنٹ پر عالمی شہرت یافتہ فنکاروں کے فن پارے بھی نصب ہیں، جن میں ہنری مور اور جوان میرو کے مجسمے شامل ہیں۔ کھلی فضا میں قائم یہ آرٹ گیلری ساحل کے ساتھ ایک ثقافتی رنگ بھی شامل کرتی ہے ۔
شام کے اوقات سے آدھی رات کے بعد تک یہاں رش عروج پر رہتا ہے۔ رمضان کی مخصوص لائٹس کے باعث اس جگہ کا ماحول مزید خوشگوار ہو جاتا ہے اور فیملیز کی بڑی تعداد یہاں وقت گزارتی دکھائی دیتی ہے، جبکہ کچھ افراد رات دیر گئے سمندر کی خاموشی اور پانی پر پڑتی روشنی کے عکس سے لطف اندوز ہونا پسند کرتے ہیں۔
واٹر فرنٹ کے اطراف ہوٹلوں کی موجودگی سیاحوں کی سہولت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، جہاں بحرِ احمر کا براہِ راست نظارہ دستیاب ہے۔
اسی طرح ساحلی پٹی کے ساتھ مختلف کیفے اور ریسٹورنٹس بھی موجود ہیں جو ہر ذوق کے مطابق کھانے پینے کے مواقع فراہم کرتے ہیں، جبکہ بچوں کے لیے جدید اور محفوظ کھیل کے میدان بھی قائم ہیں، جو کھلے سبز ماحول میں فیملیز کو سہولت دیتے ہیں۔