حرمین شریفین انتظامیہ نے رمضان کے دوران زائرین کی سہولت کے لیے مسجد الحرام میں بچوں کے مہمان مراکز قائم کر دیے ہیں۔
مزید پڑھیں
اس اقدام کا مقصد بیت اللہ آنے والے زائرین کے بچوں کے لیے محفوظ اور تربیتی ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ والدین اطمینان کے ساتھ اپنے مناسک اور عبادات ادا کر سکیں۔
اتھارٹی کے مطابق ان مراکز میں بچوں کے لیے خصوصی طور پر تیار کردہ تعلیمی اور تفریحی پروگرام پیش کیے جا رہے ہیں۔ ان میں قرآن کریم کی تعلیم اور مسنون اذکار آسان اور دلکش انداز میں سکھانا شامل ہے،
جبکہ سبق آموز کہانیاں بھی سنائی جاتی ہیں۔
اس کے علاوہ ایسی سرگرمیاں ترتیب دی گئی ہیں جو بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارتی اور ان میں جدت پسندی کا جذبہ پیدا کرتی ہیں۔ ان مراکز کی نگرانی تربیت یافتہ اور ماہر عملہ کر رہا ہے۔
یہ مراکز مخصوص عمر کے بچوں کو داخلہ دیتے ہیں۔ لڑکوں کے لیے عمر کی حد 3 سے 6 سال تک مقرر کی گئی ہے، جبکہ لڑکیوں کے لیے 3 سے 9 سال تک کی عمر شامل ہے۔
یہ سہولت رمضان کے پورے مہینے میں 24 گھنٹے مفت فراہم کی جا رہی ہے، خصوصاً رش کے اوقات میں زائرین کو سہولت دینے کے پیش نظر اس انتظام کو یقینی بنایا گیا ہے۔
بچوں کے مہمان مراکز مسجد الحرام کی تیسری سعودی توسیع میں باب نمبر 100 اور باب نمبر 104 کے قریب قائم کیے گئے ہیں، تاکہ وہاں تک رسائی آسان ہو۔
اس سلسلے میں واضح رہنمائی بورڈز اور موجود عملہ زائرین کو مراکز تک پہنچنے میں مدد فراہم کرتا ہے، جبکہ حرمین پورٹل اور مسجد الحرام کے انٹرایکٹو نقشے کے ذریعے بھی مکمل معلومات دستیاب ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ یہ اقدام حرمین شریفین آنے والوں کی خدمات کو مزید بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
اتھارٹی کے مطابق یہ مراکز والدین کے لیے ایک منظم اور مؤثر سہولت ہیں، جس کے تحت وہ سکون کے ساتھ عبادات انجام دے سکتے ہیں، جبکہ ان کے بچے اعلیٰ حفاظتی معیار پر مبنی ماحول میں بامقصد تعلیمی و تربیتی سرگرمیوں میں مصروف رہتے ہیں۔