حرمین شریفین انتظامیہ نے مسجد حرام کی دوسری سعودی توسیع کے دروازوں کی نمبرنگ کا کام شروع کیا ہے جو زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کی بہتری اور مسجد کے اندرونی حصوں میں آمدورفت کو مزید آسان بنانے کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے۔
مزید پڑھیں
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق منصوبے کے تحت 92 نئی تختیاں نصب کی گئی ہیں، جنہیں عمارت کی جمالیاتی شناخت سے ہم آہنگ انداز میں تیار کیا گیا ہے، ساتھ ہی نمبروں کی وضاحت کو یقینی بنایا گیا ہے اور مقام کی تقدیس اور وقار کو برقرار رکھا گیا ہے۔
یہ اقدام تعمیراتی ماحول کو ترقی دینے اور افادیت، حسن اور خدمت کے درمیان متوازن امتزاج پیدا کرنے کی کاوشوں کا تسلسل ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا کہ داخلے کے وقت دروازے کا نمبر معلوم ہونا آنے والوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانے اور ان کے مقام کی نشاندہی میں مددگار ثابت ہوتا ہے، خصوصاً رش کے اوقات اور اُن موسمی ایام میں جب زائرین اور نمازیوں کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے، جس سے زائرین کو زیادہ منظم، سہل اور محفوظ تجربہ فراہم ہوتا ہے۔